یوپی کی دوسرے مرحلہ کی 55 سیٹوں، اتراکھنڈ اور گوا کی انتخابی تشہیر کا آج آخری دن، سیاسی جماعتیں لگا رہیں پورا زور

تشہیر کے آخری دن تمام سیاسی پارٹیاں پورا زور لگا رہی ہیں اور اہم لیڈران متعدد جلسوں کے ذریعے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ مانگ رہے ہیں

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں دوسرے مرحلہ کی 55 سیٹوں پر 14 فروری کو پولنگ کا عمل ہوگا لہذا آج یعنی ہفتہ کے روز شام پانچ بجے انتخابی تشہیر کا شور خاموش ہو جائے گا۔ یوپی کے علاوہ اتراکھنڈ اور گوا کے اسمبلی انتخابات کے تحت بھی 14 فروری کو ہی پولنگ ہونے جا رہا ہے۔ تشہیر کے آخری دن تمام سیاسی پارٹیاں پورا زور لگا رہی ہیں اور اہم لیڈران متعدد جلسوں کے ذریعے اپنے امیدوار کے حق میں ووٹ مانگ رہے ہیں۔

وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کی طرح آج بھی اتراکھنڈ اور یوپی دنوں ریاستوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم پہلے اتراکھنڈ کے رودرپور میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، اس کے بعد سہ پہر تک انہیں یوپی پہنچنا ہے جہاں وہ قنوج کے جلسہ میں شامل ہوں گے۔


یوپی میں خواتین اور نوجوانوں کے لئے خصوصی مہم چلا رہیں پرینکا گاندھی آج اتراکھنڈ کی سرحد میں داخل ہوں گی اور تین مقامات پر تشہیر کریں گی۔ پرینکا صبح 11.45 بجے کھٹیما میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ جبکہ ایک بجے ہلدوانی کے جلسہ میں شرکت کریں گی۔ اس کے بعد وہ دوپہر 2.35 بجے سرینگر اسمبلی حلقہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔

ادھر، علاوہ اکھلیش آج بدایوں اور شاہجہانپور کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔ بدایوں میں وہ رام لیلا میدان، اسلام نگر میں دوپہر 12 بجے اور لوڈا بہیڑی میں دوپہر 1.25 بجے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد شاہجہانپور پہنچیں گے جہاں وہ اندےپور گاؤں میں دوپہر 2.40 بجے جلسہ سے خطاب کریں گے۔ اکھلیش اور جینت کا امروہہ میں بھی جلسہ کرنے کا پروگرام تھا، تاہم اس کی تصدیق تاحال نہیں ہو سکی ہے۔


ادھر بی جے پی کی تشہیر کی بات کریں تو پی ایم مودی کے علاوہ وزیر داخلہ امت شاہ بھی اتراکھنڈ کی تشہیر کے آخری دن دہرادون، دھنولٹی، سہسپور، رائے پور اور اس کے بعد ہریدوار میں عوامی رابطہ مہم چلائیں گے۔ وہیں یوپی کے وزیرا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی اتراکھنڈ پہنچ کر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ یوگی آدتیہ ناتھ اتراکھنڈ کے بعد یوپی کا رخ کریں گے اور سہارنپور کے بیہٹ اور دیوبند کے علاوہ امروہہ کے حسن پور میں جلسوں سے خطاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Feb 2022, 9:40 AM