اناؤ آبروریزی معاملہ: حادثے کو لے کر پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت پر اٹھائے سوال
اناؤ ریپ کیس کی متاثرہ کے ساتھ ہوئے سڑک حادثہ میں نیا موڑ آیا ہے، متاثرہ کی ماں نے ریپ کے ملزم بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر قتل کرانے کا الزام لگایا ہے۔
اناؤ ریپ کیس کی متاثرہ کے ساتھ ہوئے سڑک حادثہ میں نیا انکشاف ہوا ہے، ریپ متاثرہ کی ماں نے پیر کو ریپ کے ملزم بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر پر قتل کرانے کا الزام لگایا ہے، متاثرہ کی ماں نے یوگی حکومت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ممبر اسمبلی عدالت میں جان سے مارنے کی بات کرتے تھے، آخرکار اپنے منصوبے میں وہ کامیاب ہو ہی گئے، انہوں نے ایکسیڈنٹ کروا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے پولس سے پہلے ہی ایکسیڈنٹ اور قتل کرانے کا شک ظاہر کیا تھاـ
اس پہلے حادثے کے فوراً بعد متاثرہ کی بہن نے بھی میڈیا سے بات چیت کے دوران حادثے کے پیچھے اناؤ ریپ کیس کے اہم ملزم بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سینگر کے لوگوں کا ہاتھ بتایا تھا۔ متاثرہ کی بہن نے کہا تھا، ’’اس حادثہ کو ملزم ممبر اسمبلی کلدیپ سینگر کے آدمیوں نے انجام دیا ہے‘‘۔
دوسری طرف سڑک حادثہ کے معاملے میں یوگی حکومت سی بی آئی جانچ کے لئے تیار ہو گئی ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ اگر لواحقین چاہتے ہیں تو حادثے کی سی بی آئی جانچ کرائی جا سکتی ہے۔ وہیں اس یہ بھی خبر آ رہی ہے کہ ملزم بی جے پی ممبر اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کے لواحقین اناؤ کے ماكھی گاؤں سے فرار ہو گئے ہیں۔ خبروں کے مطابق ماكھی گاؤں میں کلدیپ سنگھ سینگر کے گھر میں ان کی بہن پپی سنگھ اور نوکر رہتے تھے۔
اناؤ اجتماعی عصمت دری متاثرہ کے سڑک حادثہ میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا، ’’اناؤ عصمت دری متاثرہ کے ساتھ ہوا سڑک حادثہ چونکانے والا ہے، اس کیس میں چل رہی سی بی آئی انکوائری کہاں تک پہنچی؟ ملزم رکن اسمبلی ابھی تک بی جے پی میں کیوں ہیں؟ متاثرہ اور گواہوں کے تحفظ میں لاپروائی کیوں؟ ان سوالات کے جوابات ملے بغیر کیا بی جے پی حکومت سے انصاف کی کوئی امید کی جا سکتی ہے؟‘‘
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے اناؤ آبروریزی متاثرہ کے ساتھ ہوئے سڑک حادثے کی سی بی آئی جانچ کی مانگ کی ہے، اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ متاثرہ کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے، لیکن حادثے کے دوران ان کے ساتھ ایک بھی سیکورٹی اہلکار موجود نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حادثے صرف ایک حادثہ تھا یا پھر متاثرہ کے خاندان کو ختم کرنے کی سازش تھی، اس کی سی بی آئی جانچ ضرور ہونا چاہیے۔
بتا دیں کہ اتوار کی شام قومی شاہراہ نمبر 31 پر متاثرہ کی گاڑی کو ایک ٹرک نے ٹکر مار دی تھی، حادثے میں اناؤ آبروریزی متاثرہ اور اس کا وکیل مہندر سنگھ شدید طور پر زخمی ہو گئے تھے، حادثے میں متاثرہ کی چاچی اور دیگر ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی، یہ تمام لوگ آبروریزی متاثرہ کے چاچا سے مل کر واپس آ رہے تھے جو ایک معاملے میں رائے بریلی جیل میں بند ہیں، ٹرک کے مالک دیویندر سنگھ اور ڈرائیور آشیش پال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Jul 2019, 1:10 PM