اناؤ ریپ کیس: نامزد ملزمان میں یوگی کے وزیر کا داماد بھی شامل!

سی بی آئی کی ایف آئی آر میں اناؤ میں نواب گنج کے بلاک پرمکھ ارون سنگھ کا نام ہے۔ ارون فتح پور کے رکن اسمبلی اور اترپردیش حکومت میں وزیر رویندر پرتاپ سنگھ عرف دھنی سنگھ کے داماد ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: سڑک حادثے میں شدید طور سے زخمی زندگی و موت کی لڑائی لڑی رہی اناؤ ریپ کیس متأثرہ کے معاملے میں مرکزی جانچ ایجنسی (سی بی آئی) کی جانب سے درج کیے گئے نامزد ملزموں کی فہرست میں اترپردیش کی یوگی حکومت کے ایک وزیر کے داماد کا نام بھی شامل ہے۔

رائے بریلی کے گرو بخش گنج علاقے میں اتوار کو ہوئے سڑک حادثے میں شدید طور سے زخمی اناؤ ریپ کیس کی متأثرہ اور اس کے وکیل کو وینٹی لیٹر پررکھا گیا ہے۔ اس حادثے میں متأثرہ کی چچی اور ان کی بہن کی موت ہوگئی تھی۔


سی بی آئی کو اس معاملے کی جانچ کا ذمہ دیا گیا ہے جس کی ایف آئی آر میں اناؤ میں نواب گنج کے بلاک پرمکھ ارون سنگھ کا نام ہے۔ ارون فتح پور کے رکن اسمبلی اور اترپردیش حکومت کے وزیر رویندر پرتاپ سنگھ عرف دھنی سنگھ کے داماد ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ متأثرہ کی کار کو ٹکر مارنے والا ٹرک فتحپور کا ہے اور اس کا مالک بھی اسی ضلع کا ہے۔

ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ ارون عصمت دری کے ملزم کلدیپ سنگھ سینگر کا بے حد قریبی ہے۔ اس کے کردار پر پہلے بھی سوالیہ نشان لگتے رہے ہیں لیکن ایف آئی آر میں اس کا نام کبھی نہیں آیا لیکن اس حادثے میں انہیں بھی ملزم بنایا گیا ہے۔


سی بی آئی نے اس معاملے میں 25 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے جس میں نو کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں بانگر مئو کے بی جے پی رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر، بھائی منوج کے خلاف قتل، قتل کی کوشش، مجرمانہ سازش کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

وہیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے سینگر کی برخاستگی کے حوالے سے بی جے پی سے سوال پوچھا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں ٹوئٹ کر لکھا ’’اناؤ عصمت دری معاملہ و متأثرہ کے کنبے کا استحصال کرنا اقتدار کے تحفظ کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ اب پرتیں کھل رہی ہیں، بی جے پی لیڈروں کے نام اور پولس کی لیپا پوتی سامنے آرہی ہے۔ کانگریس انصاف کے لئے پرعزم ہے۔ یہ لڑائی ہم مضبوطی سے لڑیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Jul 2019, 7:10 PM