اناؤ عصمت دری: بی جے پی نے 2 سال بعد کی سینگر کے خلاف کارروائی، پارٹی سے ہوئے باہر
بی جے پی رکن اسمبلی سینگر کے خلاف پارٹی کے ذریعہ سخت رخ اختیار کیے جانے کا اندازہ اسی وقت سے لگایا جانے لگا تھا جب پارٹی اعلیٰ کمان نے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ کو آج صبح اچانک دہلی طلب کیا تھا۔
بی جے پی نے اپوزیشن پارٹیوں کی زبردست مخالفت اور پارٹی کی بدنامی کو دیکھتے ہوئے آخر کار رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کو پارٹی سے نکال دیا۔ ملک بھر میں اپوزیشن پارٹیوں کے علاوہ مختلف سماجی و خواتین پر مظالم کے خلاف لڑنے والی تنظیموں نے سینگر کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا اور ان کے خلاف احتجاج پچھلے دو سال سے ہو رہا تھا۔ اب جب کہ اناؤ عصمت دری میں متاثرہ لڑکی سڑک حادثہ میں بری طرح زخمی ہو گئی اور زندگی و موت کی جنگ لڑ رہی ہے، تو اس حادثہ کا الزام بھی سینگر پر لگ رہا ہے اور سی بی آئی پورے معاملے کی جانچ بھی کر رہی ہے۔ یہی سبب ہے کہ دو سال تک لوگوں کے احتجاج کے بعد اب سینگر کو پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ لیا گیا۔
ویسے سینگر کے خلاف پارٹی کے ذریعہ سخت رخ اختیار کیے جانے کا اندازہ اسی وقت سے لگایا جانے لگا تھا جب پارٹی اعلیٰ کمان نے یو پی بی جے پی کے صدر سوتنتر دیو سنگھ کو جمعرات صبح اچانک دہلی طلب کیا تھا۔ اس کے بعد سوتنتر دیو سنگھ اپنے ایودھیا دورے کو درمیان میں ہی چھوڑ کر خصوصی طیارہ سے دہلی چلے گئے تھے۔ اس پوری سرگرمی کو دیکھ کر سیاسی ماہرین اس بات کا قیاس لگانے لگے تھے کہ سینگر کے خلاف کسی بھی وقت کارروائی ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ اناؤ کے بانگرمئو اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پررکن اسمبلی چنے گئے کلدیپ سنگھ سینگر پر سال 2017 میں نابالغ لڑکی نے عصمت دری کا الزام عائد کیا تھا۔ متاثرہ لڑکی کے مطابق نہ صرف رکن اسمبلی بلکہ ان کے آدمیوں نے بھی اس کی عصمت کو تار تار کیا تھا۔ گزشتہ دنوں متاثرہ لڑکی ایک سڑک حادثہ میں بری طرح زخمی ہو گئی جس پر سوال کھڑے ہوئے ہیں اور اس میں بھی سینگر کے ہاتھ ہونے کا الزام لگا ہے۔ عصمت دری متاثرہ کے حادثہ کے دوران اس کی چچی اور موسی کی موت ہو گئی جب کہ وہ اور اس کا وکیل اسپتال میں زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔