دہلی میں ان لاک کا عمل جاری: نئی رہنما ہدایات کے تحت کیا کھلے گا اور کیا بند رہے گا، جانیں
ڈی ڈی ایم کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق دہلی کے اسٹیڈیم اور اسپورٹس کمپلیکسز بغیر ناظرین کے کھولے جا سکیں گے، تاہم اسکول، کالجز اور سنیما گھروں کو فی الحال کھونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے
نئی دہلی: دہلی میں ان لاک کا عمل جاری ہے اور چھٹے مرحلہ کے تحت نئی رہنما ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ نئی جاری کردہ گائڈ لائنز کے مطابق دہلی کے اسٹیڈیم اور اسپورٹس کمپلیکسز بغیر ناظرین کے کھولے جا سکیں گے، تاہم اسکول، کالجز اور سنیما گھروں کو فی الحال کھونے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
دہلی میں اسکول، کالج، کوچنگ سینٹرز، ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس فی الحال بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ سنیما گھر، تھیئٹر، ملٹی پلیکسز بھی فی الحال کھولے نہیں جا سکیں گے۔ انٹرٹینمنٹ پارک، ایمیوزمنٹ پارک اور واٹر پارکوں کی باندش بھی فی الحال برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ تمام سماجی، سیاسی، کھیل، تفریحی، ایکیڈمیک، ثقافتی اور تہواروں سے متعلق تقریبات پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔
دہلی میں سوئمنگ پول، آڈیٹوریم اور اسمبلی ہال بھی فی الحال بند رہیں گے۔ جبکہ بزنس ٹو بزنس نمائش اور اسپا سینٹروں کو بھی بند رکھا جائے گا۔
دہلی میں ان مقامات کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے:
سرکاری دفاتر میں درجہ اول کے افسران 100 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کریں گے اور باقی عملہ کا 50 فیصد دفتر سے اور بقیہ 50 فیصد گھر سے کام کرے گا۔
نجی دفاتر کو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت ہے۔
دہلی میٹرو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ چلائی جائے گی۔
ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں کو زیادہ سے زیادہ 50 فیصد بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ چلایا جا سکتا ہے۔
آٹو رکشہ، ٹیکسی، گرامین سیوا، فٹ فٹ سیوا میں زیادہ سے زیادہ 2 مسافروں، میکسی کیب میں 5 مسافروں اور آر ٹی وی میں زیادہ سے زیادہ 11 مسافروں کو بیک وقت سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
تمام دکانیں، محلے کی دکانیں، رہائشی احاطے میں دکانیں آڈ-ایون اصول کے بغیر پورے دن کھولی جا سکتی ہیں۔
غیر ضروری سامان / خدمات سے متعلق دوکانوں کے کھلنے کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 8 بجے تک ہوں گے۔
تمام بازار، مارکٹ کمپلیکس اور مالز صبح 10 بجے سے شام 8 بجے تک ہی کھلیں گے۔
ریستوران بیٹھنے کی 50 فیصد گنجائش کے ساتھ صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھل سکیں گے۔
بار یا شرب خانے 50 فیصد بیٹھنے کی گنجائش کے ساتھ دوپہر 12 بجے سے رات 10 بجے تک کھولے جا سکتے ہیں۔
جِم اور یوگا انسٹی ٹیوٹ 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں۔
آخری رسومات میں 20 سے زیادہ افراد شریک نہیں ہو سکتے۔
مذہبی مقامات کو کھولا جا سکتا ہے، تاہم عقیدت مندوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پبلک پارکس، گارڈنز، گولف کلب کھلے رہیں گے اور آؤٹ ڈور یوگا سرگرمیوں کی اجازت برقرار رہے گی۔
شادی ہالز اور ہوٹلوں میں زیادہ سے زیادہ 50 افراد کے ساتھ تقریبات منعقد کرنے کی اجازت ہوگی۔ گھر یا آنگن میں ہنوز زیادہ سے زیادہ 20 افراد کے ساتھ شادی کی تقریب منعقد کرنے کی اجازت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔