اَن لاک۔ 3: میٹرو ریل، اسکول کالج رہیں گے بند، رات کا کرفیو ختم
رہنما خطوط کے تحت رات کے دوران آنے جانے پر پابندی(نائٹ کرفیو) ختم کردی گئی ہے اور 5 اگست سے یوگا انسٹی ٹیوٹ اورجیم کھلیں گے لیکن اس پر ماسک لگانا اور جسمانی فاصلے کا خیال کرنا لازمی ہوگا۔
نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے بدھ کو ان لاک- 3 کے ہدایت نامے جاری کیے جس کے تحت رات کا کرفیو ختم کردیا گیا ہے لیکن اسکول کالج، میٹرو، سنیما ہال، سوئمنگ پول اور بار کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق یہ ہدایات یکم اگست سے نافذ ہوں گی جو 31 اگست تک جاری رہیں گی۔ 5 اگست سے یوگا انسٹی ٹیوٹ اور جم کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ یوم آزادی کی تقریبات منائی جاسکی گی لیکن وہاں جسمانی دوری کی پیروی کرنا لازمی ہوگا۔
رہنما خطوط میں کہا گیا ہے کہ مختلف ریاستوں اور کسی بھی ریاست کے اندر میں لوگوں یا سامان کی نقل و حرکت کے لئے کسی علیحدہ اجازت یا ای اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سماجی، سیاسی، کھیل، تفریحی، تعلیمی، ثقافتی، مذہبی پروگراموں اور بڑے پیمانے پر لوگوں کے اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس دوران آروگیہ سیتو ایپ کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔ تمام کنٹینٹمنٹ زونوں میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر 31 اگست تک سختی سے عمل کیا جائے گا اور کنٹینٹمنٹ زون سے باہر تمام سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔
وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ کنٹینٹمنٹ زون کے اندر سخت پیرامیٹر کنٹرول نافذ کیا جائے گا اور صرف ضروری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔ ان کنٹینمنٹ زون کی معلومات متعلقہ ضلعی مجسٹریٹ اور تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں کی ویب سائٹ پر شیئر کی جائیں گی۔ بدھ کو جاری کردہ رہنما خطوط کے بارے میں ریاستوں اور مرکزی علاقوں سے ان کی آراء طلب کی گئی تھیں اور متعلقہ مرکزی وزارتوں اور محکموں کے ساتھ بھی وسیع مشاورت کی گئی ہے۔
ان لاک۔ 3 کے لئے جاری کردہ رہنما خطوط میں، مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر، سماجی فاصلے اور صحت سے متعلق دیگر معیارات کو پورا کرنے کے ساتھ ہی تقریبات کی بھی اجازت ہے۔ اس کے علاوہ، وندے بھارت، بھارت مشن کے تحت بین الاقوامی سفر کی اجازت دی گئی ہے۔
رہنما خطوط کے تحت رات کے دوران آنے جانے پر پابندی(نائٹ کرفیو) ختم کردی گئی ہے اور 5 اگست سے یوگا انسٹی ٹیوٹ اورجیم کھلیں گے لیکن اس پر ماسک لگانا اور جسمانی فاصلے کا خیال کرنا لازمی ہوگا۔ اس مدت کے دوران تعمیراتی سرگرمیاں جاری رہیں گی، لیکن معاشرتی فاصلہ برقرار رکھنا اور ماسک لگانا لازمی ہوگا۔ اہم بات یہ ہے کہ ملک میں کوروناء انفیکشن کی روک تھام کے لئے مارچ کے آخری ہفتے میں ملک گیر لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ اس میں اضافہ کیا جارہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Jul 2020, 10:25 PM