تمام کسان یکجا ہو کر اپنی حکومت بنائیں: ستیہ پال ملک
ستیہ پال ملک نے کہا، ’’کسانوں کو لینے والے نہیں بلکہ دینے والے کے طور پر سامنے آنا چاہئے۔ انہیں یکجا ہو کر اپنی حکومت بنانی چاہئے۔‘‘
جے پور: میگھالیہ کے گورنر ستیہ پال ملک نے کسانوں سے یکجا ہو کر اپنی حکومت بنانے کی اپیل کی ہے۔ راجستھان کے چورو ضلع کے سردار شہر قصبہ میں منگل کے روز جاٹ طبقہ کی جانب سے منعقدہ ’سماج جاگرتی شتابدی مہوتسو‘ نامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ستیہ پال ملک نے کہا، ’’کسانوں کو لینے والے نہیں بلکہ دینے والے کے طور پر سامنے آنا چاہئے۔ انہیں یکجا ہو کر اپنی حکومت بنانی چاہئے۔‘‘
وزیر اعظم نریندر مودی پر تیکھا حملہ بولتے ہوئے ملک نے تین متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کے دوران 700 سے زیادہ کسانوں کی موت پر ان کی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔ ستیہ پال ملک نے طنز کرتے ہوئے کہا، ’’دہلی میں معمولی حادثہ ہونے پر بھی وزیر اعظم تعزیتی پیغام تحریر کرتے ہیں۔ تاہم، 700 سے زیادہ کسانوں نے اپنی جان کی قربانی دی، لیکن انہوں نے غم کا اظہار تک نہیں کیا۔‘‘
ستیہ پال ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ جب انہوں نے وزیر اعظم مودی کو کسانوں کے مسائل سے آگاہ کرانے کی کوشش کی تو لوگوں نے انہیں خاموش رہنے کی صلاح دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کبھی بھی صدر یا نائب صدر کے عہدے کے لئے ترقی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا ’’میں نے ان سے کہا کہ میں نے اعلیٰ عہدوں پر کام کیا ہے اور اب میں کسانوں کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔