مہاراشٹر میں تقریر کے دوران مرکزی وزیر نتن گڈکری ہوئے بیہوش، دیکھیں ویڈیو
نتن گڈکری تقریر کر رہے تھے تبھی انھیں چکر آ گیا، قریب میں کھڑے لوگوں نے انھیں سنبھالا اور کچھ دیر کے لیے اسٹیج کے پیچھے لے گئے، چند منٹ آرام کرنے کے بعد انھوں نے دوبارہ تقریر کی۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری آج مہاراشٹر کے یاوتمال میں تقریر کرتے ہوئے اچانک بیہوش ہو گئے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مائک کے سامنے کھڑے وہ اچانک لڑکھڑانے لگتے ہیں۔ ایسے میں وہاں قریب میں کھڑے لوگوں نے انھیں پکڑ لیا اور پھر وہاں موجود سیکورٹی گارڈس و دیگر لیڈران گڈکری کو اسٹیج کے پیچھے لے گئے۔ اس وقت وہاں موجود لوگوں میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا، لیکن جلد ہی حالات قابو میں آ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شگر کی سطح کم ہو جانے کی وجہ سے گڈکری کی طبیعت خراب ہو گئی اور انھیں چکر آنے لگا۔ حالانکہ اب ان کی طبیعت بہتر بتائی جا رہی ہے۔ بعد میں انھوں نے پھر سے اپنی تقریر شروع بھی کی اور اپنی انتخابی مہم کو آگے بڑھایا۔ گڈکری یاوتمال میں این ڈی اے امیدوار راج شری پاٹل کی حمایت میں انتخابی تشہیر کے لیے پہنچے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ نتن گڈکری کی طبیعت پہلے بھی اس طرح خراب ہو چکی ہے۔ کچھ مواقع پر تقریب کے دوران شگر کی سطح کم ہونے کی وجہ سے وہ بیہوش ہوئے، لیکن اچھی بات یہ ہے کہ جلد ہی وہ ٹھیک بھی ہو گئے۔ تازہ معاملہ میں بھی چند منٹ کے بعد ہی وہ تقریر کے لیے تیار ہو گئے اور اپنی تقریر مکمل کی۔ بعد ازاں وہ ایک دوسری تقریب میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے۔ نتن گڈکری کے دفتر سے ملی جانکاری میں بھی بتایا گیا ہے کہ مرکزی وزیر اب پوری طرح سے ٹھیک ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی تصدیق کی گئی کہ وہ آج وردھا لوک سبھا سیٹ کے تحت وروڈ شہر میں ہونے والی تقریب میں شرکت کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔