مایاوتی کو ‘ہجڑا’ کہے جانے سے مرکزی وزیر ناراض، کہا ’میرا بس چلتا تو بی جے پی رکن اسمبلی کو سزا دیتا‘

بی جے پی رکن اسمبلی سادھنا سنگھ کے اس بیان کی پرزور تنقید شروع ہو گئی ہے جس میں انھوں نے مایاوتی کے خلاف نازیبا کلمات ادا کیے تھے۔ نیشنل ویمن کمیشن بھی اس سلسلے میں جلد نوٹس جاری کرنے والی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مودی کابینہ میں وزیر اور ریپبلکن پارٹی آف انڈیا کے صدر رام داس اٹھاولے نے بی جے پی رکن اسمبلی کے ذریعہ مایاوتی پر کیے گئے نازیبا تبصرہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ این ڈی اے میں شامل رام داس اٹھاولے نے کہا کہ "ہماری پارٹی بی جے پی کے ساتھ ہے لیکن میں مایاوتی کے خلاف کیے گئے اس شرمناک تبصرہ سے انتہائی مایوس ہوں۔ میں اس طرح کے بیان سے قطعی اتفاق نہیں رکھتا۔" انھوں نے مزید کہا کہ "مایاوتی دلت طبقہ کی ایک مضبوط لیڈر ہیں اور ایک اچھی منتظم بھی ہیں۔ اگر میری پارٹی سے کوئی اس طرح کا بیان دیتا تو یقیناً میں اس کے خلاف کارروائی کرتا۔"

بی ایس پی سربراہ مایاوتی پر بی جے پی رکن اسمبلی سادھنا سنگھ کے ذریعہ کیے گئے شرمناک تبصرہ کی چہار جانب سے تنقید ہو رہی ہے۔ اس سلسلے میں قومی خواتین کمیشن نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ بیان پر فوری رد عمل پیش کرتے ہوئے کمیشن نے کہا ہے کہ بی جے پی رکن اسمبلی کو نوٹس جاری کر ان سے اس بارے میں سوال کیا جائے گا کہ انھوں نے اس طرح کا بیان کیونکر دیا!

دراصل بی جے پی رکن اسمبلی سادھنا سنگھ نے ایک جلسہ عام میں مایاتی کو نشانہ بناتے ہوئے یکے بعد دیگرے کئی شرمناک تبصرے کیے تھے جو موجودہ وقت مں سایست کے گرتے معیار کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ "ہمیں تو اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ نہ خاتون لگتی ہیں اور نہ ہی مرد لگتی ہیں۔ ان کو تو اپنے وقار کا خا ل ہی نہیں ہے۔ جس خاتون کا اتنا بڑا 'چیر ہرن' ہوا ہو وہ اپنی بے عزتی بھول گئی۔ دروپدی کا بھی چیر ہرن ہوا تھا لیکن وہ غرور والی خاتون تھی اس لے بدلے کا عزم ظاہر کیا تھا، لیکن بی ای پی کی سابق وزیر اعلیٰ کو اپنی ہی عزت کی پروا نہیں۔"

بی جے پی رکن اسمبلی نے اپنے بیان میں آگے کہا تھا کہ "آج کی خاتون (مایاوتی) کا سب کچھ لُٹ گیا ہے۔ اس کے بعد بھی کرسی پانے کے لیے اپنے وقار کو فروخت کر دیا۔ مایاوتی جی کا ہم اس پروگرام کے ذریعہ توہین کرتے ہیں۔ جو خاتون عورت کے نام پر داغ ہے اور جس خاتون کی عزت لٹنے سے بی جے پی کے لیڈروں نے بچائی، اس نے فائدہ اور سہولت کے لئے اپنی عزت کا ہی گھونٹ پی لیا۔" سادھنا سنگھ اتنے پر ہی نہیں رکیں، انھوں نے یہ بھی کہا کہ "جس دن اس عورت کا پیٹی کوٹ اور ساڑی پھٹ گئی، اس دن کے بعد اس عورت کو اقتدار کے لے آگے نہیں آنا چاہیے تھا۔ اس عورت کو پورے ملک کی عورتیں داغدار مانتی ہیں۔ وہ تو کنّڑ (ہجڑے) سے بھی زیادہ بدتر ہیں کیونکہ نہ تو وہ مرد ہے نہ ہی عورت ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔