سدھو موسی والا کے اہل خانہ کی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات، جذباتی ہوئے والد

سدھو موسی والا کے اہل خانہ نے آج چنڈی گڑھ میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی، اس دوران گلوکار کے والد جذباتی نظر آئے، ملاقات کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

چنڈی گڑھ: سدھو موسی والا کے اہل خانہ نے ہفتہ کے روز چنڈی گڑھ میں وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی۔ موی والا کے والد اس ملاقات کے دوران جذباتی نظر آئے۔ ملاقات کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔ خیال رہے کہ پنجابی گلوکار موسی والا کو گزشتہ 29 مئی کو نامعلوم حملہ آوروں نے اندھادھند گولیاں چلا کر دن دہاڑے ہلاک کر دیا تھا۔

موسی والا کے قتل کے بعد سے پنجاب میں سیاسی ہلچل مچی ہوئی ہے۔ اس دوران عوام میں بھگونت مان کی قیادت والی عام آدمی پارٹی کے تئیں بھی سخت ناراضگی پائی جا رہی ہے کیونکہ حفاظت میں تخفیف کے بعد ہی موسی والا کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ سدھو موسی والا کے اہل خانہ قتل کے واقعہ کی سی بی آئی تفتیش کا مطالبہ کر رہے ہیں۔


قبل ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب بھگونت مان نے سدھو موسی والا کی مانسا واقع رہائش پر پہنچ کر کنبہ سے ملاقات کی تھی۔ مان کی اس ملاقات سے قبل مقامی رکن اسمبلی گرپریت بناولی بھی ملاقات کے لئے پہنچے تھے لیکن گاؤں کے باشندگان نے ان کی شدید مخالفت کی۔ لوگوں کے احتجاج اور نعرے بازی کے پیش نظر گرپریت بیرنگ واپس لوٹ گئے تھے۔

خیال رہے کہ پنجاب پولیس نے 28 مئی کو ہی سدھو موسی والا کی حفاظت میں تخفیف کی تھی، اس کے اگلے ہی دن یعنی 29 مئی کو بدمعاشوں نے موسی والا پر اندھادھند فائرنگ کر کے ان کا قتل کر دیا۔ سدھو موسی والا کی حفاظت پر چار سیکورٹی اہلکار مامور رہتے تھے، تاہم عام آدمی پارٹی حکومت کی جانب سے سیکورٹی میں تخفیف کر دی گئی، جس کے بعد دو کمانڈوز کو ہٹا لیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔