مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کی طبیعت ناساز، دہلی ایمس کے پرائیویٹ وارڈ میں داخل
نرملاسیتارمن کو پیٹ میں معمولی انفیکشن ہونے اور روٹین چیک اَپ کی خاطر ایمس میں داخل کیا گیا ہے، جلد ہی انھیں ڈسچارج کیے جانے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن کی طبیعت ناساز بتائی جا رہی ہے۔ انھیں فوری طور پر دہلی واقع ایمس (آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس) میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انھیں پیر کی دوپہر تقریباً 12 بجے ایمس کے پرائیویٹ وارڈ میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کی کچھ جانچ کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ نرملاسیتارمن کو پیٹ میں معمولی انفیکشن ہونے اور روٹین چیک اَپ کی خاطر ایمس میں داخل کیا گیا ہے۔ جلد ہی انھیں ڈسچارج کیے جانے کے امکانات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ فی الحال وزارت یا اسپتال کی طرف سے سیتارمن کی طبیعت کو لے کر کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ نرملا سیتارمن فروری 2023 میں پیش ہونے والے عام بجٹ کو لے کر گزشتہ کچھ دنوں میں کاروباری دنیا کے ساتھ لگاتار میٹنگیں کرتی ہوئی دیکھی گئی ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران بھی کافی سرگرم دکھائی دی تھیں اور گزشتہ بدھ کے روز کمپنی سیکٹر کو ٹیکس میں راحت دینے کا دفاع بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیر مالیات نرملا سیتارمن 24 دسمبر کو ’تمل ناڈو ڈاکٹر ایم جی آر میڈیکل یونیورسٹی‘ کے 35ویں جلسہ تقسیم اسناد میں بھی شامل ہوئی تھیں۔ اس موقع پر انھوں نے کہا تھا کہ ملک کووڈ کے معاملوں میں اضافہ ہونے کی صورت میں اس سے نمٹنے کے لیے ’بہتر حالت‘ میں ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’میں یہاں تمل ناڈو میں وزیر صحت کے سامنے یہ بات کہہ رہی ہوں۔ یقینی طور سے میڈیکل ایجوکیشن کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اگر میڈیکل ایجوکیشن کو تمل میں پڑھایا جائے تو اس ہدف کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔