مرکزی وزیر دفاع کا بیان ان کی بے بسی کا عکاس: محمد یوسف تاریگامی
بتادیں کہ مرکزی وزیر دفاع راجناتھ نے اپنے ایک انٹریو میں کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ رہا ہوجائیں، امید ہے کہ وہ کشمیر میں حالات بہتر کرنے میں اپنا رول ادا کریں گے۔
سری نگر: سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا بیان کہ میں جموں و کشمیر کے تین سابق وزرائے اعلیٰ کی رہائی کے لئے دعا گو ہوں، کے رد عمل میں کہا کہ موصوف مرکزی وزیر نے یہ باتیں کہہ کر اپنی بے بسی کا برملا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجناتھ سنگھ ایک سینئر مرکزی وزیر ہیں بہتر ہوتا اگر وہ دعا کرنے کے بجائے یہ معاملہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ اٹھاتے۔ بتادیں کہ مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے گزشتہ روز ایک ایجنسی کے ساتھ اپنے ایک انٹریو میں کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ جموں و کشمیر کے تین سابق وزرائے اعلیٰ رہا ہوجائیں مجھے امید ہے کہ وہ کشمیر میں حالات بہتر کرنے میں اپنا رول ادا کریں گے۔
محمد یوسف تاریگامی نے وزیر دفاع کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے یو این آئی اردو کو بتایا کہ ’یہ بے بسی کا اظہار ہے، راجناتھ سنگھ جی وزیر اعظم کی کابینہ میں ایک سینئر وزیر ہیں، وہ اس مسئلے پر کابینہ میں بحث کیوں نہیں کرتے ہیں اور دعا کرنے کے بجائے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ معاملہ کیوں نہیں اٹھاتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے صرف تین سابق وزرائے اعلیٰ ہی بند نہیں ہیں بلکہ سال گزشتہ کے پانچ اگست سے سینکڑوں کشمیری نوجوان ملک کے مختلف جیلوں میں بند ہیں۔ موصوف لیڈر نے کہا کہ مرکزی وزیر دفاع اور وزیر داخلہ ایک طرف کہہ رہے ہیں کہ کشمیر میں حالات نارمل ہیں دوسری طرف سینکڑوں نوجوان بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مقید نوجوانوں کو بھی رہا کیا جانا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔