اتراکھنڈ میں جلد نافذ ہو سکتا ہے یونیفارم سول کوڈ، کمیٹی نے وزیر اعلیٰ دھامی کو سونپا فائنل ڈرافٹ

وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ حکومت 9 نومبر کو اتراکھنڈ کے یوم تاسیس پر یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنا چاہتی ہے۔

وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی / یو این آئی
وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی ریاست میں جلد از جلد یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کرنے کے لیے پرعزم دکھائی دے رہے ہیں۔ اس تعلق سے ایک بڑی خبر یہ سامنے آ رہی ہے کہ 18 اکتوبر کو ماہرین کی کمیٹی نے یو سی سی اصول و ضوابط کا ڈرافٹ وزیر اعلیٰ کے حوالے کر دیا ہے۔ اس تعلق سے وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ سبھی کو یکساں انصاف اور یکساں مواقع ملے، اس کے لیے یو سی سی نافذ کرنا ضروری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ دھامی نے کچھ دنوں قبل اعلان کیا تھا کہ حکومت 9 نومبر کو اتراکھنڈ کے یوم تاسیس پر یو سی سی نافذ کرنا چاہتی ہے۔ اب جبکہ ماہرین کی کمیٹی نے فائنل ڈرافٹ وزیر اعلیٰ کو سونپ دیا ہے، تو امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یو سی سی نفاذ کو لے کر سرگرمیاں جلد ہی تیز ہو جائیں گی۔


واضح رہے کہ ریاست میں یو سی سی سے متعلق جو اصول و ضوابط تیار کیے گئے ہیں، اس میں خاص طور سے 4 حصے ہیں۔ اس میں شادی و طلاق، لیو اِن رلیشن شپ، پیدائش و موت کا رجسٹریشن اور جانشینی سے متعلق اصول شامل ہیں۔ عوام کی سہولت کو دیکھتے ہوئے یو سی سی کے لیے ایک پورٹل اور موبائل ایپ بھی تیار کی گئی ہے۔ اس میں رجسٹریشن اور اپیل وغیرہ کی سبھی سہولیات دی جائیں گی تاکہ عوام کو کسی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔