سی اے اے پر ’یو این ایچ آر سی‘ کی سربراہ پہنچیں سپریم کورٹ، مداخلت کی عرضی دائر

مشیل بیچلٹ نے انتہائی غیر متوقع قدم اٹھاتے ہوئے پارلیمنٹ سے منظور شدہ سی اے اے کے معاملہ پر ہندوستانی سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ جنیوا میں واقع ہندوستان کے مستقل سفارت خانہ کو اس سے آگاہ کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلٹ نے انتہائی غیر متوقع قدم اٹھاتے ہوئے پارلیمنٹ سے منظور شدہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے معاملہ پر ہندوستانی سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ جنیوا میں واقع ہندوستان کے مستقل سفارت خانہ کو اس سے آگاہ کیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ نے منگل کو یہ معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سی اے اے ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے اور اس کا تعلق ہندوستانی پارلیمنٹ کے قوانین بنانے کی خود مختاری کے حق سے ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا، ’’جنیوا میں ہمارے مستقل سفارت خانے کو اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ مشیل بیچلٹ نے مطلع کیا ہے کہ ان کے دفتر نے سی اے اے 2019 کے حوالہ سے ہندوستان کی سپریم کورٹ میں مداخلت کی عرضی داخل کی ہے‘‘


انہوں نے کہا، ’’ہم واضح طور پر یہ مانتے ہیں کہ ہندوستان کی خود مختاری سے متعلق امور پر کسی بھی غیر ملکی فریق کا کوئی حق نہیں ہے۔‘‘ رویش کمار نے کہا کہ ہندوستان کا موقف واضح ہے کہ سی اے اے آئینی طور پر درست ہے اور وہ آئینی اقدار کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’یہ تقسیم ہند کے سانحے کی وجہ سے منظر عام پر آئے انسانی حقوق کے معاملات کے سلسلے میں ہمارے طویل المدتی قومی عزم کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘ رویش کمار نے کہا، ’’ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے۔ ہم سب اپنی آزاد عدلیہ کا انتہائی احترام کرتے ہیں اور اس پر اعتماد رکھتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری مضبوط اور قانونی طور پر مستحکم پوزیشن سپریم کورٹ میں غالب آئے گی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔