شیلا دیکشت کی قیادت میں دہلی کو علیحدہ شناخت حاصل ہوئی: چودھری انل

دہلی بھر میں ہزاروں کانگریس کارکنان نے شیلا دیکشت کو تقریباً 300 ان تاریخی مقامات پر خراج عقیدت پیش کیا جن کی بنیاد یا تو شیلا جی نے رکھی یا پھر ان کے دور میں قائم ہوئیں۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز
user

قومی آواز بیورو

دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار سمیت کانگریس کے سینئر لیڈروں نے دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آنجہانی شیلا دیکشت کی پہلی برسی پر ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر 'راجیو بھون' میں منعقد تقریب کے دوران انھیں پرخلوص خراج عقیدت پیش کیا۔ چودھری انل کمار اور کانگریس کارکنان نے آنجہانی شیلا دیکشت کی تصویر پر گلپوشی کی اور راجیو بھون میں شیلادیکشت کی یاد میں قائم 'کانگریس کی رسوئی' کے ذریعہ غریبوں میں کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر چودھری انل نے گیتا کالونی، مشرقی دہلی واقع چچا نہرو اسپتال کا بھی دورہ کیا جو شیلا جی کی حکومت کے ذریعہ قائم تاریخی اداروں میں سے ایک ہے۔ انھوں نے ریاستی کانگریس دفتر کے میدان میں شیلا جی کی یاد میں ایک پودا بھی لگایا۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز

سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت کے یوم وفات پر چودھری انل کمار کے ساتھ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی انچارج شکتی سنگھ گوہل، سابق رکن پارلیمنٹ جناردن دویدی، سابق ریاستی صدر سبھاش چوپڑا، سندیپ دیکشت، لتیکا دیکشت اور پون کھیڑا، سابق اراکین پارلیمنٹ، ریاستی نائب صدور، سابق اراکین اسمبلی سمیت کانگریس کارکنان نے بھی عقیدت کے پھول پیش کیے۔


موصولہ اطلاعات کے مطابق دہلی بھر میں ہزاروں کانگریس کارکنان نے شیلا دیکشت جی کو تقریباً 300 ان تاریخی مقامات پر خراج عقیدت پیش کیا جن کی بنیاد یا تو شیلا جی نے رکھی یا پھر ان کے دور میں قائم ہوئیں۔ قابل ذکر ہے کہ شیلا دیکشت کے دور میں دہلی میٹرو سے لے کر فلائی اووروں تک، آلودگی کم کرنے کے لیے سی این جی لو فلور بسوں کو لایا گیا، انڈر پاس، برج، روڈ، اسپتال، اسکول، کالج، یونیورسٹی اور اسٹیڈیم بنائے گئے اور کامن ویلتھ کھیل گاؤں اکشر دھام میں بنایا گیا۔

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز

چودھری انل کمار نے کہا کہ شیلا دیکشت کی قیادت میں دہلی کی ہمہ جہت ترقی ہوئی اور اس نے دہلی کو ایک علیحدہ شناخت بھی عطا کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ "بی جے پی اور عآپ کی حکومتیں بغیر کسی ٹھوس ترقیاتی منصوبہ کو شروع کیے، صرف ایک دوسرے پر الزامات لگاتی رہی ہیں۔ شیلا دیکشت حکومت نے دہلی میٹرو جیسے چیلنجنگ ترقیاتی کام کیے اور اس کے ہر مرحلہ کے کام کو وقت سے پہلے پورا کیا۔ اسی طرح فلائی اوور اور انڈر پاس کی تعمیر کو بھی مقررہ وقت سے پہلے ہی پورا کیا گیا۔ سبھی منصوبوں کو وقت سے پہلے پورا کرنے سے سرکاری خزانے کے سینکڑوں کروڑ روپے کی بچت ہوئی۔"

تصویر پریس ریلیز
تصویر پریس ریلیز

چودھری انل کمار نے اس دوران کیجریوال حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ "کیجریوال حکومت کی نااہلی ایک بار پھر مانسون کی پہلی بارش میں ہی سامنے آ گئی جب راجدھانی میں بیشتر مقامات پر سیلاب جیسے حالات پیدا ہو گئے۔ آبی جماؤ کی حالت اتنی بھیانک تھی کہ منٹو برج پر ایک ڈرائیور کی پانی میں ڈوبنے سے موت ہو گئی۔" دہلی کانگریس صدر نے مزید کہا کہ "نالوں کی صفائی، ڈسلٹنگ کا کام مئی-جون مہینے سے پہلے پورا ہو جانا چاہیے تھا، لیکن کیجریوال حکومت نے اس سال بھی اپنے محکمہ کے ذریعہ کام کروانے میں تاخیر کی جس کی وجہ سے اتوار کی صبح ہوئی مانسون کی پہلی بارش میں ہی نالیوں میں پانی رکنے سے دہلی میں سیلاب کا منظر سامنے آ گیا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Jul 2020, 8:11 PM