اقوام متحدہ: مستقل رکنیت کےلیے ایک دوسرے کی حمایت کریں گے انڈیا، برازیل، جرمنی، جاپان

ہندوستان نے برازیل، جرمنی اور جاپان (جی-4) کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاح کرنے اور اس میں مستقل رکنیت حاصل کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم تیار کیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نیویارک: ہندستان نے برازیل، جرمنی اور جاپان (جی ۔4) کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاح کرنے اور اس میں مستقل رکنیت حاصل کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم تیار کیا ہے۔ چاروں ملکوں نے سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کےلیے ایک دوسرے کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ہندستان، برازیل، جرمنی اور جاپان کے وزرائے خارجہ کی جمعرات کویہاں ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں چاروں ملکوں کے مابین اس سلسلہ میں اتفاق ہوا۔ چاروں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے اس میٹنگ کے بعد مشترکہ بیان جاری کرکے کہا، ’’چاروں ملکوں نے بین الاقوامی امن وسلامتی کے لیے اہم ذمہ داری لینے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاح کرنے اور اس میں رکنیت حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کی حمایت کرنے کے عزم کا اعادہ کیاہے ۔‘‘

مشترکہ بیان میں کہاگیاہے ،’’ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو زیادہ موزوں ،موثر اورنمائندہ بنانے کے لیے ترقی پزیر ملکوں اور اقوام متحدہ کے اہم ملکوں کے بہتررول کی تشریح کرنے کی ضرورت ہے ۔‘‘


اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے علیحدہ اس میٹنگ میں چاروں ملکوں نے 2005کے عالمی اجلاس میں ملکوں کے سربراہان اور حکومتوں کے ذریعہ پیش کیے گئے تصور کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جلد اور جامع اصلاحات کرنے کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔چاروں ملکوں نے اقوام متحدہ میں اصلاحات کرنے اور اس کے فیصلہ سازی کے اداروں تجدید کرنے کے مقصد سے کی گئی اہم کوششوں پر روشنی ڈالی ،تاکہ عصری حقائق کی بہتر طریقہ سے عکاسی ہوسکے ۔

ہندستان ،برازیل ،جرمنی اور جاپان نے کہاکہ سلامتی کونسل کو زیادہ نمائندگی پرمبنی ،جائز اور موثر بنانے کےلیے دونوں زمروں (مستقل اور غیرمستقل رکنیت )میں تبدیلی کی ضرورت ہے تاکہ موجودہ عہد میں دنیا کے پیچیدہ مسائل سے نمٹنے کے لیے اسکی قوت میں اضافہ کیاجاسکے ۔ اقوام متحدہ 2020میں اپنے قیام کی 75ویں سالگرہ منائیگی ۔دریں اثنا جی ۔4کے وزرائے خارجہ نے امیدظاہر کی ہے کہ سربراہان مملکت اور حکومتوں کے ذریعہ 2005میں عالمی کانفرنس کے دوران کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جلد اصلاحات کی پہل کریگی ۔


جی ۔4 کے مطابق، ’’یہ اصلاحات صرف مستقل اور غیر مستقل ارکان کی تعداد میں توسیع تک ہی محدود نہیں رہنی چاہئے بلکہ اس میں سلامتی کونسل کے کام کرنے کے طریقوں میں شفافیت اور اسے موثر بنانے کوبھی شامل کرنا چاہئے ۔‘‘ جی ۔4برازیل ،جرمنی ،ہندستان اور جاپان کو ملاکر بنایاگیاایک گروپ ہے ،جو اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت حاصل کرنے کی کوششوں میں ایک دوسرے کی مدد کر رہا ہے۔

دوسری طرف وزیرخارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے برازیل اور جنوبی افریقہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہندستان ،برازیل اور جنوبی افریقہ ڈائیلاگ کے تحت ملاقات کی۔ میٹنگ کے بعد تینوں ملکوں کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان جاری کرکے کہا،’’ ہندستان ،برازیل اور جنوبی افریقہ عالمی چیلنجوں میں اپنے مشترکہ مقاصد کو سمجھتے ہیں اور امن وسلامتی اور خوشحال دنیا بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو ایک دوسرے کے ساتھ مشترک کرتے ہیں ۔ترقی اور یکساں مواقع کے حق کے اہم مقصد کو حاصل کرنا ہے ۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔