اُمیش پال قتل معاملہ: یوپی پولیس نے پوری عتیق فیملی کو بنا دیا ہے ملزم، عتیق احمد کی بیوی نے سی بی آئی جانچ کا کیا مطالبہ

امیش پال قتل معاملہ میں عتیق، ان کے بھائی اشرف، ان کے دو بیٹوں اور بیوی شائستہ کو ملزم بنایا گیا ہے، عتیق اور ان کا بھائی پہلے سے جیل میں بند ہیں، جبکہ پولیس نے دونوں بیٹوں کو حراست میں رکھا ہوا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>عتیق احمد، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

عتیق احمد، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے پریاگ راج میں امیش پال قتل معاملہ میں ملزم بنائے جانے کے بعد سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کی بیوی شائستہ پروین نے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر واقعہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں پروین نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا اور ان کی فیملی کا اس قتل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ایک اعلیٰ سطحی جانچ سے سبھی شک دور ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ سابق بی ایس پی رکن اسمبلی راجو پال کے قتل معاملہ میں اہم گواہ امیش پال کے قتل معاملے میں عتیق احمد، ان کے بھائی اشرف، ان کے دو بیٹوں اور بیوی شائستہ پروین کو ملزم بنایا گیا ہے۔ عتیق احمد اور ان کا بھائی جہاں پہلے سے جیل میں بند ہیں، وہیں پولیس نے عتیق کے دونوں بیٹوں کو حراست میں رکھا ہوا ہے اور لگاتار پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔


بہرحال، عتیق کی بیوی شائستہ پروین نے اپنے مطالبہ پر مبنی خط کو وزیر اعلیٰ کے پورٹل پر بھی اَپلوڈ کیا ہے۔ حال ہی میں بی ایس پی میں شامل ہوئیں شائستہ پروین نے کہا ہے کہ وہ اپنی فیملی کی حفاظت کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گی۔ اس درمیان عتیق کے وکیل خان صولت حنیف نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق رکن پارلیمنٹ کے دو بیٹوں کی جان کو خطرہ۔ اس فکر کو پروین نے اپنے خط میں بھی ظاہر کیا ہے۔ حنیف نے مزید کہا کہ پولیس جیل میں بند عتیق اور اس کے بھائی اشرف کو مارنے کی سازش کر رہی ہے۔

دوسری طرف سماجوادی پارٹی کی رکن اسمبلی پوجا پال، جن کے شوہر راجو پال کا مبینہ طور پر 2005 میں عتیق احمد کے بھائی اشرف نے قتل کر دیا تھا، نے وزیر اعلیٰ یوگی کو خط لکھ کر اپنے لیے سیکورٹی بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پوجا پال نے امیش پال قتل معاملہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں اب اپنی جان کا خطرہ ہے۔ امیش پال، راجو پال قتل معاملہ میں اہم گواہ تھا اور اس کی گواہی معاملے کے لیے اہم تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔