پولیس کی چھوٹی سی غلطی کے سبب یوگی کی حلف برداری میں نہیں پہنچ پائیں اوما بھارتی!
اوما بھارتی نے کہا کہ ’’یوگی جی کی حلف برداری تقریب میں حصہ لینے کے لیے لکھنؤ آئی، یہاں پر مقامی پولیس اور انتظامیہ کی چھوٹی سی بھول سے میں حلف برداری کے مقام تک ٹریفک جام کے سبب نہیں پہنچ سکی۔‘‘
یوگی آدتیہ ناتھ نے بڑے زور و شور کے ساتھ دوسری مرتبہ یوپی کے وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے حلف لے لیا۔ اس تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور کئی بی جے پی حکمراں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ساتھ دیگر سرکردہ سیاسی ہستیاں بھی شامل ہوئیں۔ اس تقریب میں اوما بھارتی کو بھی شامل ہونا تھا لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ اس کے لیے پولیس کی ایک چھوٹی سی غلطی کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔
مدھیہ پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اوما بھارتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ یوگی کی حلف برداری تقریب میں شامل نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ حلف برداری تقریب کے لیے وہ لکھنؤ پہنچی تھیں لیکن مقامی پولیس اور انتظامیہ کی ایک چھوٹی سے بھول کے سبب وہ تقریب کے مقام تک پہنچ نہیں پائیں۔
اوما بھارتی نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ ’’میں یوگی جی کی کابینہ کی حلف برداری تقریب میں حصہ لینے کے لیے لکھنؤ آئی۔ یہاں پر مقامی پولیس اور انتظامیہ کی چھوٹی سی بھول سے میں حلف برداری کے مقام تک ٹریفک جام کے سبب نہیں پہنچ سکی۔ میں یوگی جی کی حکومت کی کامیابی کے لیے دعاء کرتی ہوں۔‘‘
واضح رہے کہ آج وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ ساتھ ان کی کابینہ میں شامل 52 وزراء نے بھی حلف لیا۔ برجیش ٹھاکر اور کیشو پرساد موریہ کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے، جب کہ دانش آزاد انصاری کو بطور مسلم چہرہ یوگی کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔