مہاراشٹر سے باہر کے پھنسے لوگوں کو ادھو حکومت کی جانب سے راحت
اضلاع کے نوڈل افسران پھنسے ہوئے افراد کی ایک فہرست تیار کریں گے اور اسے متعلقہ کلکٹرس کے حوالے کردیں گے۔ پھر دونوں ریاستیں ایک دوسرے سے بات کریں گی کہ ان لوگوں کو سڑک کے ذریعے کیسے لے جایا جائے۔
ممبئی: حکومتِ مہاراشٹر نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست میں اور ریاست سے باہر پھنسے ہوئے مہاجر مزدوروں، زائرین، طلباء اور دیگر شہریوں کے لئے اپنی مطلوبہ منزل تک واپس جانے کے لئے طریقہ کار طے کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کو نہایت احتیاط اور ذمہ داری کے ساتھ نافذ کریں۔
اس ضمن میں محکمہ مالیات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر نتن کیری، آئی اے کنڈن، محکمہ ترقی برائے خواتین و اطفال کی پرنسپل سکریٹری آئی اے کندن، اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے ابھے یاوالکر کو اس کی ذمہ داریاں تفوض کی گئی ہیں۔ جن سے ( 022- 22027990 ) اور ( 022-22023039) ان نمبروں پر ربطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
اضلاع کے نوڈل افسران اپنے ضلع میں پھنسے ہوئے افراد کی ایک فہرست تیار کریں گے اور اسے متعلقہ کلکٹرس کے حوالے کردیں گے۔ دونوں ریاستیں ایک دوسرے سے بات کریں گی اور فیصلہ کریں گی کہ ان لوگوں کو سڑک کے ذریعے کیسے لے جایا جائے۔
کسی بھی گروپ کے لوگوں کو وہاں سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک کہ ان کے پاس کلکٹر یا ڈائریکٹر، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کوئی خط نہ ہو۔ صرف ان لوگوں کو ہی سفر کرنے کی اجازت ہوگی جن میں کووڈ-19 یا انفلوئنزا جیسی علامات نہیں ہیں۔ اگر اس میں کوئی علامات موجود ہیں تو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق طبی علاج کرایا جائے گا۔
دیگر ریاستوں یا اضلاع سے آنے والوں کو انتظامیہ کو واضح طور پر یہ بتانا ضروری ہے کہ متعلقہ شخص میں کورونا کی کوئی علامت نہیں ہے۔ متعلقہ افراد کو ریاست کے ان مقرر کردہ قواعد پر عمل کرنا ہوگا۔ جس ریاست میں وہ جا رہے ہیں، وہاں کے قوانین کی پابندی کرنی لازمی ہوگی اور جو اپنی گاڑیوں میں جانا چاہتے ہیں انھیں بھی ضروروی کاغذات ساتھ میں رکھنا لازمی ہوگا۔ ٹرانزٹ پاس ہونا ضروری ہے اور اس میں موجود تمام مسافروں کے نام اور دیگر معلومات ہوں گی۔ گاڑی کا ایک مقررہ راستہ اور مدت ہونا بھی لازمی ہے۔
یہ فہرست ریاست یا ضلع کو دی جائے گی جہاں مسافر فالو اپ کے لئے اتریں گے۔ نقل و حمل کے لئے استعمال ہونے والی گاڑیوں کو جراثیم کُش دوائیں چھڑکنے کے ساتھ ساتھ گاڑی میں سماجی محفوظ فاصلہ بھی رکھا جانا چاہیے۔ کلکٹر اور میونسپل کمشنر کو یہ خیال رکھنا چاہیے کہ مہاراشٹر میں دوسری ریاستوں سے آنے والے مسافروں کو 14 دن تک قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔ پہنچنے والے تمام مسافروں کا پہلے طبی معائنہ ہوگا۔ اس کے بعد متعلقہ فرد کو گھر پر یا ادارہ جاتی طور پر قرنطین کیا جائے گا اور ان سے کہا جائے گا کہ وہ مرکزی حکومت کا ہیلتھ برج ایپ ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ ان سے رابطہ رکھا جاسکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔