ہیلی کاپٹر کی دوسری بار تلاشی! ادھو ٹھاکرے الیکشن کمیشن کے عہدیداروں پر برہم

ادھو ٹھاکرے نے ہیلی کاپٹر کی سولاپور میں دوسری بار تلاشی پر غصے کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ وزیراعظم مودی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی کیوں نہیں لی گئی؟ انہوں نے تلاشی لینے والے افسران کی ویڈیو بھی بنائی

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس / ایکس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس / ایکس

user

قومی آواز بیورو

ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے منگل کے روز اپنے ہیلی کاپٹر کی سولاپور میں دوسری بار تلاشی لیے جانے پر غصے کا اظہار کیا۔ ادھو نے سوال اٹھایا کہ جب وزیراعظم نریندر مودی سولاپور میں تھے تو ان کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی کیوں نہیں لی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں سیاسی طور پر نشانہ بنایا جا سکے۔

ادھو نے بتایا کہ جب اوڈیشہ میں مودی کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی گئی تھی ایک افسر کو معطل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے تلاشی لینے والے عہدیداروں سے کوئی شکایت نہیں ہے، بلکہ ان لوگوں سے شکایت ہے جو دانستہ طور پر اس کارروائی کا حکم دے رہے ہیں۔‘‘


اس سے قبل، الیکشن کمیشن کے افسران نے یوتمال ضلع کے وانی ہیلی پیڈ پر ادھو کے بیگ کی تلاشی لینے کی کوشش کی تھی جس پر وہ ناراض ہو گئے تھے اور اپنے بیگ کی تلاشی کی ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کر دیا تھا۔ اسی طرح دوسری بار سولاپور میں بھی جب ادھو کے ہیلی کاپٹر کی تلاشی لی گئی تو انہوں نے ایک بار پھر عہدیداروں کی ویڈیو ریکارڈ کی اور ان سے سوالات بھی کئے۔

اُدھَو نے کہا، ’’کیا آپ نے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور اجیت پوار کے بیگ کی تلاشی لی ہے؟ کیا آپ نے وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے بیگ کی تلاشی لی ہے؟‘‘ جب افسران نے جواب دیا کہ ابھی تک ایسا نہیں کیا گیا، تو ادھو نے مزید کہا کہ اگر وہ آئیں تو ان کے بیگ کی تلاشی بھی لی جانی چاہیے اور اس کی ویڈیو ریکارڈ کی جانی چاہیے۔


انہوں نے اس موقع پر عہدیداروں سے کہا کہ وہ طاقتور سیاستدانوں کی بھی تلاشی لے کر ان کی ویڈیوز شیئر کریں۔ ادھو نے ویڈیو میں کہا، ’’اگر آپ نے میری تلاشی کی ہے تو میں بھی چاہوں گا کہ آپ وزیراعظم مودی اور امت شاہ کے بیگ کی تلاشی بھی لیں اور ان کی ویڈیو مجھے بھیجی جائے۔‘‘

اس تلاشی کے تنازعے کے دوران ادھو نے افسران سے سوال کیا کہ وہ کہاں سے ہیں اور کس کی تلاشی پہلے لی گئی تھی اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ غیر مقامی افسران کو تلاشی لینے کے لیے بھیجا گیا۔

یاد رہے کہ 20 نومبر کو مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخابات ہوں گے اور 23 نومبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ پچھلے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 105، شیوسینا نے 56، نیشنل کانگریس پارٹی (این سی پی) نے 54 اور کانگریس نے 44 سیٹیں جیتیں تھیں۔ تاہم، انتخاب کے بعد شیوسینا نے این ڈی اے سے الگ ہو کر این سی پی اور کانگریس کے ساتھ حکومت بنائی تھی اور ادھو ٹھاکرے وزیر اعلیٰ بنے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔