یوگی کو چپلوں سے پیٹنا چاہیے: ادھو ٹھاکرے

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا 25 سال بی جے پی کا ساتھ دینے پر انہیں افسوس ہے، ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ’’کئی چیزوں کو لے کر افسوس ہے کیوں کہ بی جے پی کی نئی نسل ہندوتوا کی علمبردار نظر نہیں آتی۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ایک زمانہ سے بی جے پی کی اتحادی رہی شیو سینا آج کل بی جے پی پر حملہ آوار ہے۔ مہاراشٹر میں اگرچہ آبھی بھی دونوں حکومت میں اتحادی ہیں لیکن دونوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی تلخی کم نہیں ہو رہی ہے۔ اسی سلسلہ میں شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے جمعہ کو بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ پر لے لیا اور یہاں تک کہہ ڈالا کہ یوگی کو چپلوں سے پیٹنا چاہیے۔

ادھو ٹھاکرے کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے شیواجی کے مجسمہ کی گلپوشی کرتے وقت کھڑاؤں پہنے ہوئے تھے۔ اسے شیواجی کی بے عزتی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے نوجوان رہنما ہندوتوا کے لئے مثالی نظر نہیں آتے۔

دراصل شیوسینا کے سربراہ سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ کیا انہیں اس بات کا افسوس ہے کہ گزشتہ 25 سال سے بی جے پی ان کی اتحادی رہی ہے؟ اس پر ادھو ٹھاکرے نے کہا، ’’یہ افسوس ناک ہے۔ کئی چیزوں کو لے کر افسوس ہے۔ کیوں کہ بی جے پی مغرور ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق 28 مئی کو ہونے والا پالگھر لوگ سبھا چناؤ غرور اور وفاداری کے بیچ فیصلہ کرنے والا ہوگا۔

ویرار میں شیواجی کی مورتی کو مالا پہناتے ہوئے کھڑاؤں نہیں اتارنے پر ادھو ٹھاکرے یوگی پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا، ’’شیواجی مہاراج کی مورتی کے سامنے جانے سے پہلے کھڑاؤں اتارنا ان کی عزت کرنا ہے لیکن یوگی نے ایسا نہیں کیا۔ ان سے اور کیا توقع کی جا سکتی ہے۔؟ یہ شیواجی مہاراج کی بے حرمتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ شیوسینا کے سخت حملہ آور ہونے کے باوجود بی جے پی کافی سنبھل کر رد عمل ظاہر کر رہی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیوندر فڑنویس نے حال ہی میں کہا تھا کہ بال ٹھاکرے کی شیوسینا پیٹھ میں چھرا نہیں گھونپتی تھی۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ان کے والد (بال ٹھاکرے) نے بی جے پی کی بدفعلی کو برداشت کیا لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے۔ ٹھاکرے کے مطابق ان کی پارٹی 25 سالوں تک ہندوتوا کے لئے بی جے پی کے ساتھ رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔