’وینزویلا سے 40 لاکھ لوگوں کی نقل مکانی‘
اقوام متحدہ کے مطابق وینزویلا میں جاری سیاسی اور اقتصادی بحران کی وجہ سے اب تک تقریباً 40 لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر دوسرے ممالک میں پناہ لے چکے ہیں۔
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے مطابق وینزویلا میں جاری سیاسی اور اقتصادی بحران کی وجہ سے اب تک تقریباً 40 لاکھ لوگ ملک چھوڑ کر دوسرے ممالک میں پناہ لے چکے ہیں۔ مہاجرین کی بین الاقوامی تنظیم (آئی او ایم) اور اقوام متحدہ پناہ گزین ایجنسی نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔
وینزویلا کے پناہ گزینوں کے لئے آئی او ایم اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ایڈوارڈو اسٹین نے کہا ’’یہ بہت بڑی تشویش کی بات ہے اور لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک کی مدد کرنی چاہیے جو اس بحران کی گھڑی میں پناہ گزینوں کی مدد کر رہے ہیں‘‘۔
وینزویلا سے جانے والے زیادہ تر لوگوں نے لاطینی امریکی ممالک میں پناہ لی ہے۔ کولمبیا اور پیرو میں آدھے سے زیادہ لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے۔ اس کے علاوہ چلی، ایکواڈور، ارجنٹائنا اور برازیل میں بھی لوگوں نے پناہ لی ہے۔
وینزویلا میں موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف ہو رہے احتجاجی مظاہروں کو دیکھتے ہوئے امریکہ نے اس پر کئی قسم کی پابندی لگانے کے علاوہ کہا ہے کہ وہ فوجی آپشن پر غور کر رہا ہے. قومی اسمبلی کے اسپیکر اور حزب اختلاف کے رہنما جوآن گوائیڈو نے 23 جنوری کو ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ خود کو ملک کا عبوری صدر قرار دیا تھا۔
امریکہ کے علاوہ اب تک کنیڈا، ارجنٹائنا، برازیل، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، گوئٹے مالا، ہونڈوراس، پنامہ، پیراگوئے اور پیرو سمیت 54 ممالک نے حزب اختلاف کے رہنما جوآن گوائیڈو کو وینزویلا کے عبوری صدر کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر گوائیڈو نے گزشتہ ماہ كراكس لا كارلوٹا فوجی اڈے سے ایک احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے وینزویلا کی فوج اور لوگوں سے سڑکوں پر اتر کر موجودہ صدر مادرو کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ وینزویلا میں ہزاروں لوگ موجودہ صدر نکولس مادرو کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں. ان احتجاجی مظاہروں کی قیادت گوائیڈو کر رہے ہیں، جنوری کے آغاز میں مادرو نے صدر کے طور پر اپنی دوسری مدت کا حلف لیا تھا۔ انتخابات میں ان پر گڑبڑی کرنے کے الزام لگے تھے۔
مادرو کی قیادت میں کئی سالوں سے وینزویلا شدید اقتصادی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے علاوہ کھانے پینے اور دواؤں کی کمی کی وجہ لاکھوں لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔