چھتیس گڑھ: نکسلی حملہ میں دوردرشن کا کیمرا مین اور 2 پولس اہلکار ہلاک

گھات لگاکر بیٹھیے نکسلیوں نے دوردرشن کی ٹیم اور سکیورٹی اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے تنیجہ میں ڈی ایس پی ردر پرتاپ، ایک اسسٹنٹ کانسٹیبل اور دوردرشن کے کیمرامین کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

دنتے واڑا: چھتیس گڑھ کے ضلع دنتے واڑا میں نکسلیوں کے گھات لگاکر کئے گئے حملے میں آج ایک اسسٹنٹ پولیس کانسٹیبل ،ایک جوان اور دوردرشن کے ایک کیمرامین شہید ہوگئے۔

ریاست کے خصوصی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (نکسل آپریشن) ڈی ایم اوستھی نے بتایا کہ چھتیس گڑھ میں پہلے مرحلے میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی کوریج کرنے کےلئے دہلی سے دوردرشن کی ٹیم ضلع ہیڈکوارٹر سے تقریباً 30کلومیٹر دور تھانہ ارن پور علاقے کے نلوایا علاقے میں گئی تھی۔اس ٹیم کے ساتھ سکیورٹی کےلئے پولیس دستہ بھی ڈیوٹی پر موجود تھا۔

پہلے سے گھات لگاکر بیٹھیے نکسلیوں نے دوردرشن کی ٹیم اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس میں ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ردر پرتاپ،ایک اسسٹنٹ کانسٹیبل منگلو اور دوردرشن کے کیمرامین اچیودانند ساہو کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ اس واقعہ میں دو کانسٹیبل وشنو نیتام اور اسسٹنٹ کانسٹیبل راکیش گوتم زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق انتخابات کےپیش نظر سکیورٹی دستوں کے ذریعہ پورے علاقے کی مسلسل سرچنگ کی جارہی ہے۔دور درشب کی ٹیم نے جنگل کے اندرونی علاقوں میں ہورہی سرچنگ کی کوریج کروانے کی خواہش ظاہر کی تھی جس کے بعد انہیں سکیورٹی دے کر روانہ کیا گیا تھا۔نکسلیوں کے ذریعہ وہاں صحافیوں کو مارو مارو کی آوازیں لگاتے بھی سنا گیا۔

اس واقعہ میں شہید پولیس اہلکاروں اور کیمرامین کی لاشیں دنتے واڑا ضلع اسپتال لئی جارہی ہیں،جہاں ان کا پوسٹ مارٹم ہوگا۔زخمیوں کا علاج ضلع اسپتال میں ہورہا ہے۔ڈاکٹروں کی صلاح پر ضرورت پڑنے پرعلاج کےلئے ہیلی کاپٹر سے انہیں دارالحکومت رائے پور بھیجا جائے گا۔واقعہ کے بعد علاقے میں مزید پولیس دستہ بھیجا گیا ہے

پولیس ذرائع کے مطابق علاقے میں نکسلیوں کی کافی تعداد میں موجودگی کی خبر ہے۔علاقے میں مزید پولیس دستہ کے ساتھ سینئر پولیس افسران بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔پورے علاقے میں پھر سرچنگ شروع کی گئی ہے۔

انتخابات کے دوران تین دن کے اندر یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔اس سے پہلے بیجاپور ضلع نکسلیوں کے ذریعہ کئےگئے دھماکے میں سی آر پی ایف کے چار جوان شہید ہوگئے تھے اور دو جوان زخمی ہوئے تھے۔نکسلیوں نے دودن پہلے بی جے پی کے ایک لیڈر کے گھر پر پہنچ کر ان پر جان لیوا حملہ کیا تھا۔

نکسلیوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔انہوں نے اندرونی علاقے میں ووٹنگ کا بائیکاٹ کرنے کے لئے پوسٹر اور بینر لگا رکھے ہیں۔آج جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ نکسلیوں سے بہت زیادہ متاثر مانا جات اہے۔نکسلیوں نے دودن پہلے ہی ایک بیان جاری کرکے کہا تھا کہ وہ میڈیا ٹیموں کو نشانہ نہیں بنائیں گے لیکن آج کے واقعہ سے ان کی بات غلط ثابت ہوتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Oct 2018, 3:09 PM