فساد بھڑکانے کیلئے گؤ کشی !، 2 غیر مسلم گرفتار

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

گونڈہ۔ مغربی اتر پردیش کے ضلع گونڈہ میں گؤ کشی کا ایک ایسا معاملہ سامنے آیا جس نے یو پی کی فضا خراب کرنے کی سازش رچنے والوں کا پردہ فاش کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ محرم کے موقع پر یو پی کے 9 اضلاع میں شر پسندوں نے تشدد بھڑکانے کا کام انجام دیا تھا۔ کانپور، بلیا، کشی نگر اور بارہ بنکی سمیت 9اضلاع میں توڑ پھوڑ اور آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔ کچھ مقامات پر تو محرم کے جلو س کے دوران سنگباری سے پولیس افسر سمیت متعدد افراد بھی زخمی ہو ئے تھے۔

رپورٹس کےمطابق گونڈہ کے کٹرا بازار میں ایک گائے کو اس لئے مار دیا گیا تاکہ دشہرہ کے تہواراور محرم کے موقع پر فساد بھڑکایا جا سکے۔ گونڈہ پولس نےملزمان رام سیوک دیکشت اور منگلی دیکشت کو گرفتار کر لیا ہے۔اس سے پہلے کانپور اور بلیا میں بھی محرم کے جلوس کے دوران فساد بھڑکایا جا چکا ہے۔

اتر پردیش میں نظم و نسق کی اس بدترین صورت حال کے باوجود یوگی حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وہ بگڑتی صوت حال سے نمٹنے کے لئے کچھ اقدام لیتے لیکن وہ اس وقت کیرالہ پہنچے ہوئے ہیں۔

ضلع گونڈہ میں جو واقعہ پیش آیا ہے اس سے فرقہ پرستوں کی پول کھل گئی ہے۔ یہاں کے بھٹ پورہ گاؤں میں رام سیوک اور منگلی نے سازشاً ایک بچھیا کو قتل کیا۔ جب وہ دونوں اس واردات کو انجام دے رہے تھے تو انہیں گاؤں والوں نے دیکھ لیا اور پولس کو اطلاع دےدی۔ ملزمان موقع سے بھاگنے کی کوشش کرنے لگےلیکن پولس نے بروقت دونوں کو گرفتار کر لیا۔



فساد بھڑکانے کیلئے گؤ کشی !، 2 غیر مسلم  گرفتار

پولس سپرنٹنڈنٹ اومیش کمار سنگھ نے واقعہ کے تعلق سے کہا،’’کٹرا بازار تھانہ علاقہ کے بھٹ پوروا گاؤں میں گزشتہ رات رام سیوک دیکشت اور منگلی دیکشت نے گنیش پرساد دیکشت کی بچھیا (چھوٹی گائے ) کو ان کے دروازے سے کھول لیا اور گاؤں کے باہر مکہ کے کھیت میں لے جا کر اس کا سر دھڑ سے جدا کر دیا۔ ‘‘

ایس پی کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان گنیش پرساد دیکشت کے پڑوسی ہیں اور ہم برادر ہیں۔ ان کے مطابق، ’’ دونوں ملزمان کو جب گرفتار کیا گیا تو وہ نشہ میں تھے۔ دونوں ہی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں اور ان کے خلاف پہلے سے ہی کئی مقدمے چل رہے ہیں اور دونوں سزا یافتہ بھی ہیں۔‘‘

گؤ کشی کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی تھی جس کے بعد بھاری تعداد میں پولس اور پی اے سی کو تعینات کرنا پڑا۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نے مزید معلومات دینے سے یہ کہتے ہوئے منع کر دیا کہ ابھی ملزمان سے پوچھ گچھ چل رہی ہے حالانکہ ملزمان نے پوچھ گچھ کے دوران یہ قبول کر لیا ہے کہ انہوں نے سازش کے تحت گائے کوقتل کیا ہے۔

گونڈہ پولس کے مطابق حالات اب معمول پر ہیں اور پولس کی گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔پولس کا کہنا ہے کہ وقت رہتے اگر ملزمان گرفتار نہ کئے گئے ہوتے تو گؤ کشی کی خبر پھیلنے کے بعد پورے علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل سکتی تھی۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Oct 2017, 11:34 AM