اترپردیش: سلیمہ اور نافرین کو اسکول کا ٹوائلٹ صاف نہ کرنا پڑا مہنگا

بیسک ایجوکیشن افسر سنتوش پانڈے کا کہنا ہے کہ طالبات کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کے مطابق جانچ کا حکم دے دیا گیا ہے اور اس میں سچائی ہے تو قصوروار کے خلاف سخت قدم اٹھائے جائیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے انتخابی حلقہ گورکھپور سے کچھ ہی کلو میٹر کے فاصلے پر واقع شہر دیوریا سے ایک حیران کرنے والا واقعہ منظر عام پر آیا ہے جس میں سلیمہ اور نافرین نامی طالبہ کو رہائشی اسکول سے صرف اس لیے بھگا دیا گیا کیونکہ اس نے ٹوائلٹ صاف کرنے سے منع کر دیا تھا۔ ’معاملہ کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ‘ کا ہے جہاں کی وارڈن شروتی مشرا نے ٹوائلٹ صاف کرنے سے انکار کرنے کے بعد پیر کی شام بطور سزا سلیمہ اور نافرین کو گھر جانے کے لیے مجبور کر دیا۔ حالانکہ وارڈن نے اس طرح کے الزام کو سرے سے خارج کر دیا اور کہا کہ انھوں نے بچیوں کو ٹوائلٹ صاف کرنے کے لیے کبھی نہیں کہا۔

دیوریا ضلع کے اس رہائشی اسکول میں پڑھنے والی سلیمہ اور نافرین نے شروتی مشرا کے ذریعہ سزا دیے جانے کے بعد اب اسکول میں پڑھنے کا ارادہ نہیں رکھتی ، اس نے اسکول چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان دونوں طالبات نے وارڈن پر زور زبردستی کرنے کا بھی الزام عائد کیا ہے جس کے بعد اعلیٰ افسران نے پورے معاملے کی جانچ کا حکم صادر کر دیا ہے۔ بیسک ایجوکیشن افسر سنتوش دیو پانڈے کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ طالبات کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کی جانچ کی جا رہی ہے اوراگر اس میں ذرا بھی سچائی ہے تو قصوروار کے خلاف سخت قدم اٹھائے جائیں گے۔

قابل ذکر ہے کہ سلیمہ درجہ سات اور نافرین درجہ چھ کی طالبہ ہے۔ یہ دونوں رام پور پولس تھانہ حلقہ کے تحت آنے والے سانی پٹی علاقہ کی باشندہ ہیں اور ان کے والد مزدور ہیں۔ ان دونوں کا کہنا ہے کہ وارڈن ہمیشہ انھیں ٹوائلٹ صاف کرنے کے لیے مجبور کرتی تھیں اور جب بھی وہ پڑھائی کا ارادہ کرتی تھیں تو شروتی مشرا ان کے ساتھ غلط ڈھنگ سے پیش آتی تھیں۔ وارڈن کے خراب رویہ سے تنگ آ کر پیر کے روز دونوں طالبات نے ٹوائلٹ صاف کرنے سے انکار کر دیا اور پھر ناراض وارڈن نے انھیں اسکول سے باہر کر دیا اور کہا کہ گھر چلی جاﺅ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔