کولگام میں دو غیر مقامی مزدور ہلاک، ٹارگٹ کلنگ کے اب تک پانچ شکار

غیر مقامی مزدوروں کی پے در پے ہلاکتوں کے واقعات کے پیش نظر ایک ایڈوائزری میں تمام ضلعی پولیس سربراہان سے کہا ہے کہ وہ غیر مقامی مزدوروں کو فوج یا پولیس کے کیمپوں میں منتقل کریں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جنوبی ضلع کولگام کے ونپوہ میں اتوار کی شام نامعلوم اسلحہ برداروں نے کم از کم دو غیر مقامی مزدوروں کو ہلاک کر دیا جبکہ تیسرے کو زخمی کر دیا ہے۔جموں و کشمیر پولیس نے ان ہلاکتوں کے لئے جنگجوئوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

کولگام میں دو غیر مقامی مزدوروں کی ہلاکت سے محض 24 گھنٹے قبل یعنی ہفتے کی شام سری نگر اور پلوامہ اضلاع میں 'ٹارگٹ کلنگ' کے دو الگ الگ واقعات میں دو غیر مقامی مزدور مارے گئے تھے۔قبل ازیں پانچ اکتوبر کو نامعلوم بندوق برداروں نے سری نگر کے لال بازار علاقے میں ایک غیر مقامی پانی پوری بیچنے والے کو سر عام قتل کر دیا تھا یعنی اب تک پانچ افراد ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہو چکے ہیں۔
کشمیر پولیس نے غیر مقامی مزدوروں کی پے در پے ہلاکتوں کے واقعات کے پیش نظر ایک ایڈوائزری میں تمام ضلعی پولیس سربراہان سے کہا ہے کہ وہ غیر مقامی مزدوروں کو فوج یا پولیس کے کیمپوں میں منتقل کرے۔


تاہم کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ایڈوائزری کی کاپی فرضی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے اتوار کی شام کولگام کے ونپوہ میں تین غیر مقامی مزدور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں دو مزدور جاں بحق جبکہ تیسرا ایک زخمی ہو گیا۔


انہوں نے مزید بتایا کہ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے نیز تمام سکیورٹی ناکوں کو الرٹ کیا گیا ہے۔کشمیر زون پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کولگام کے ونپورہ میں جنگجوئوں نے غیر مقامی مزدوروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'اس واقعے میں دو مزدور مارے گئے ہیں جبکہ تیسرا زخمی ہوا ہے۔ علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے'۔

مہلوک مزدوروں کی شناخت راجا رشی دیو اور جوگندر رشی دیو ساکنان بہار کے طور پر ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔