بارہمولہ میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو ہائی برڈ جنگجو گرفتار، اسلحہ و گولہ بارد بر آمد: پولیس

جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے آزاد گنج علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ 2 ہائی برڈ جنگجوئوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے آزاد گنج علاقے میں لشکر طیبہ سے وابستہ 2 ہائی برڈ جنگجوئوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ بارہمولہ ٹائون میں جنگجوئوں، جو غالباً ٹائون میں یوم آزادی کے پیش نظر جنگجویانہ کارروائیاں انجام دینے کے طاق میں تھے، کی نقل و حمل کے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر بارہمولہ پولیس، فوج کی 46 آر آر اور سی آر پی ایف کی 53 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے بارہمولہ کے آزاد گنج میں ایک ناکہ لگا دیا۔


انہوں نے کہا کہ اس دوران دو مشکوک افراد جو آزاد گنج کی طرف آ رہے تھے، نے ناکہ پارٹی کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کی تاہم ان کو دھر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدگان کی تحویل سے ایک پستول، ایک پستول میگزین، 4 پستول گولیاں اور ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔

بیان میں گرفتار شدگان کی شناخت فیصل مجید گنائی ولد عبدالمجید ساکن بنگلائو باغ بارہمولہ اور نور الکامران گنائی ولد محمد اکبر گنائی ساکن باغ اسلام اولڈ ٹائون بارہمولہ کے بطور کی گئی ہے۔ پولیس بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ دونوں ہائی برڈ جنگجو ہیں جو لشکر طیبہ سے وابستہ ہیں اورانہوں نے یوم آزادی کے پیش نظر بارہمولہ ٹائون میں جنگجویانہ کارروائیاں انجام دینے کے لئے اسلحہ و گولہ بارود جمع کیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت بارہمولہ پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔