جودھ پور شہر میں کرفیو کے چوتھے دن دو گھنٹے کی نرمی

شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں۔ اس دوران کہیں سے کوئی ناخوشگوار خبر موصول نہیں ہوئی۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

راجستھان کے شہر جودھ پورمیں تشدد کے واقعہ کے بعد شہر کے دس تھانہ علاقوں میں نافذ کرفیو میں آج چوتھے دن بھی دو گھنٹے کی نرمی کی گئی۔

پولیس کے مطابق کرفیو میں صبح 8 بجے سے 10 بجے تک نرمی کی گئی۔ اس دوران لوگ ضروری خریداری کے لیے گھروں سے نکلے جن میں دودھ، سبزی، پھل اور کریانہ کا سامان شامل تھا اور تیزی سے خریداری کرتے نظر آئے۔ کریانہ کی دکانوں پر لوگوں کا ہجوم زیادہ دیکھا گیا۔


پولیس کمشنر نوجیوتی گوگوئی اور جے پور کے پولیس افسران علاقوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں۔ اس دوران کہیں سے کوئی ناخوشگوار خبر موصول نہیں ہوئی۔

اگرچہ ضروری خدمات اور بورڈ کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلباء کو کرفیو کے دوران استثنیٰ دیا گیا ہے، تاہم شہر میں انٹرنیٹ سروس چوتھے روز بھی معطل رہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ نرمی کے دوران کہیں بھی زیادہ لوگ جمع نہ ہوں۔


اب تک کرفیو سے متاثرہ ادے مندر، صدر کوتوالی، صدر بازار، ناگوری گیٹ، کھنڈافلسہ، پرتاپ نگر، پرتاپ نگر صدر، دیو نگر، سورساگر اور سردار پورہ تھانہ علاقوں میں دو سو سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 2 مئی کی رات جلوری گیٹ چوراہے پر واقع مجاہد آزادی بال مکند بسا کے مجسمہ پر جھنڈا لگانے کو لے کر جھگڑے کے بعد پتھراؤ ہوا اور اگلے دن 3 مئی کو بھی پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کی گئی جس کے بعد شہر کے دس تھانوں کے علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔