یوپی میں شبانہ کرفیو میں دو گھنٹوں کی رعایت، 10 بجے سے نافذ ہوگا

اتر پردیش میں کورونا وائرس کے معاملوں کی تعداد کم ہونے کے پیش نظر حکومت نے نائٹ کرفیو میں دو گھنٹے کی نرمی کی ہے، کرفیو اب رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا

نائٹ کرفیو / علامتی تصویر
نائٹ کرفیو / علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی واقع ہونے کے پیش نظر ریاستی حکومت نے شبانہ کرفیو میں دو گھنٹے کی نرمی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نائٹ کرفیو اب رات 10 بجے سے لے کر صبح 6 بجے تک نافذ رہے گا۔ اس سے پہلے نائٹ کرفیو رات 9 بجے سے لے کر صبح 7 تک نافذ رہتا تھا۔ تاہم حکومت کی جانب سے اختتام ہفتہ (ویک اینڈ) کرفیو کے حوالہ سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ ہفتہ اور اتوار کے روز بدستور جاری رہے گا۔

خیال رہے کہ ریاست میں کورونا پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ ریستران اور مالز کھولنے کی پہلے ہی اجازت دی جا چکی ہے۔ 21 جون کی رہنما ہدایات میں یوپی حکومت نے پارکوں کو بھی کھولنے کی اجازت فراہم کر دی تھی۔ اس کے علاوہ ریہڑی پر لگنے والی دکانوں کو بھی چلانے کی اجازت فراہم کر دی گئی تھی۔ 21 جون سے قبل نائٹ کرفیو شام 7 بجے سے صبح 7 بجے تک نافذ رہتا تھا۔


دریں اثنا، اتر پردیش میں ہفتہ کے روز کورونا وائرس سے متاثرہ چار افراد کی موت واقع ہو گئی، جبکہ انفیکشن کے معاملوں کی تعداد کم ہو کر 100 رہ گئی۔ صحت بلیٹن کے مطابق، ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے چار اموات واقع ہونے کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 22693 ہو گئی۔ وہیں، انفیکشن کے 100 نئے معاملوں کے آنے کے بعد ریاست میں اب تک مجموعی طور پر 1709225 لوگ کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ریاست میں ہفتہ کے روز پیلی بھیت میں دو اور گورکھپور و مین پوری میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔