پہلے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی لائبریری میں طلبا کے دو گروپ متصادم، پھر زخمی دوست سے ملنے اسپتال پہنچے طالب علم کو ماری گئی گولی
ہریانہ کے میوات سے تعلق رکھنے والا جلال اپنے دوستوں کے ساتھ اسپتال پہنچا اور اس کے بعد اس نے ایمرجنسی وارڈ کے باہر نعمان علی پر گولی چلا دی، یہ گولی نعمان علی کے سر کو چھوتے ہوئے نکل گئی۔
جنوب مشرقی دہلی کے جامعہ نگر علاقہ واقع ہولی فیملی اسپتال میں جمعرات کی شب جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایک طالب علم کو ایک دیگر طالب علم نے گولی مار کر زخمی کر دیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً 8.50 بجے جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کی لائبریری میں طلبا کے دو گروپ کے درمیان جھگڑا ہو گیا تھا۔ اس جھگڑے میں اتر پردیش واقع میرٹھ ضلع کے رہنے والے 26 سالہ طالب علم نعمان چودھری کے سر پر سنگین چوٹ آئی اور اسے علاج کے لیے ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نعمان چودھری سے ہولی فیملی اسپتال میں اس کا دوست نعمان علی ملاقات کے لیے پہنچا تھا۔ اسی درمیان ہریانہ کے میوات سے تعلق رکھنے والا جلال اپنے دوستوں کے ساتھ اسپتال پہنچا اور اس کے بعد اس نے ایمرجنسی وارڈ کے باہر نعمان علی پر گولی چلا دی۔ یہ گولی نعمان علی کے سر کو چھوتے ہوئے نکل گئی۔ فوری طور پر نعمان علی کو ایمس کے ٹراما سنٹر لے جایا گیا، جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ طلبا کے دو گروپ کے درمیان کا جھگڑا ہے اور جلال کا تعلق طلبا کے دوسرے گروپ سے ہے۔ پولیس افسر کے مطابق جامعہ نگر اور نیو فرینڈس کالونی تھانوں نے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے طلبا کے دو گروپوں کے درمیان ہوئے جھگڑے میں کچھ دیگر طلبا بھی زخمی ہوئے ہیں۔ انھیں علاج کے لیے یونیورسٹی کے پاس موجود ہولی فیملی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔