سلمان کے گھر پر فائرنگ کرنے والے دونوں ملزم گجرات سے گرفتار
بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ معاملہ میں ممبئی کرائم برانچ کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گجرات کے سے گرفتار کیا ہے۔
بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں ممبئی کرائم برانچ کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گجرات کے بھج سے گرفتار کیا ہے۔نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے ایک سینئر افسر نے اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے بھج میں فائرنگ کیس میں ملوث موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے۔ ایک ٹیم نے گجرات جا کر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کو ممبئی لایا جارہا ہےجہاں پولیس دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کرے گی۔
معلومات کے مطابق، کرائم برانچ کی ٹیم نے دونوں ملزمین کو بھج کے ماتا کا مدھ کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کی شناخت وکی گپتا (عمر 24) اور ساگر (21) کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں ملزمین بہار کے چمپارن کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ شرٹ میں نظر آنے والے ملزم کا نام ساگر ہے جبکہ ٹی شرٹ پہنے ملزم کا نام وکی گپتا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کی صبح 5 بجے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے باندرہ میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر ہوا میں چار راؤنڈ فائر کیے تھے۔ دونوں حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ دونوں ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ ان گولیوں کے نشانات سلمان کے اپارٹمنٹ کے باہر بھی ملے ہیں۔ ایک گولی اس کی بالکونی کے جال سے بھی گزری۔ سلمان اکثر اس بالکونی سے اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلاتے یا سلام کرتے ہیں۔ تفتیش کے دوران وہاں سے گولیوں کے خول برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق سلمان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے حملہ آور واردات کے بعد موٹر سائیکل پر ماؤنٹ میری چرچ پہنچے تھے۔ بائک کو وہیں چھوڑ دیا، کچھ فاصلہ پیدل چل کر آٹورکشا لے کر باندرہ ریلوے اسٹیشن پہنچے۔ اس کے بعد وہ بوریولی جانے والی ٹرین میں سوار ہوئے، لیکن سانتا کروز ریلوے اسٹیشن پر اتر کر باہر چلے گئے۔ ملزمان کو ان مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔