جنوبی کشمیر میں دو مسلح جھڑپیں، 4 ملی ٹینٹ ہلاک

جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں دو شبانہ مسلح جھڑپوں کے دوران چار ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔ یہ مسلح جھڑپیں ضلع پلوامہ کے پوچھل اور ضلع کولگام کے زوڈار میں رونما ہوئی ہیں

کشمیر میں انکاؤنٹر کی فائل تصویر
کشمیر میں انکاؤنٹر کی فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں دو شبانہ مسلح جھڑپوں کے دوران چار ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔ یہ مسلح جھڑپیں ضلع پلوامہ کے پوچھل اور ضلع کولگام کے زوڈار میں رونما ہوئی ہیں۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع کولگام کے زوڈار میں ہونے والی ایک مسلح جھڑپ کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دو ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس ملی ٹینٹ مخالف آپریشن میں کولگام پولیس اور فوج کی ایک آر آر نے حصہ لیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایسی ہی ایک جھڑپ ضلع پلوامہ کے پوچھل میں رونما ہوئی جس میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مارے گئے ملی ٹینٹوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے۔


اس دوران کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ وادی میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز ان آپریشن کے لئے مبارکبادی کے مستحق ہیں کیوں کہ ان کے دوران ہمارا یا عوام کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا'۔

قبل ازیں جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ اس نے معراج الدین حلوائی عرف عبید نامی حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر کو ایک جھڑپ میں ہلاک کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔