وزیر اعظم کو کہا ’اربن نازی‘، وائرل ہوگیا انوراگ کشیپ کا یہ ٹوئٹ

اداکار اور فلم پروڈیوسر انوراگ کشیپ نے وزیر اعظم مودی کو اپنے ٹوئٹ میں ’اربن نازی‘ کیا کہا کہ ان کا ٹوئٹ وائرل ہو گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی 
وزیر اعظم نریندر مودی
user

قومی آواز بیورو

فلم اداکار اور پروڈیوسر انوراگ کشیپ مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کے خلاف اکثر ٹوئٹ کرتے رہتے ہیں لیکن انہوں نے وزیر اعظم مودی کو لے کر ایسا ٹوئٹ کیا جس پر زبردست رد عمل سامنے آ رہا ہے اور ان کا یہ ٹوئٹ وائرل ہو گیا ہے۔ انوراگ کشیپ نے شہریت ترمیمی قانون کی کھل کر مخالفت کی ہے لیکن اس ٹوئٹ میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’اربن نازی‘ کہہ دیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ’’مودی ہیش ٹیگ اربن نازی‘‘۔


ان کے اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’رام لیلا میدان میں پی ایم مودی کو تقریر کرتے ہوئے سنیے، یہ ایک ایسے شخص کی زبان اور مایوسی ہے جنہیں پتہ ہے کہ انہوں نے ایک بہت بڑا کانڈ کیا ہے لیکن وہ اتنے ضدی ہیں کہ وہ اسے قبول نہیں کر پا رہے ہیں۔‘‘


انوراگ کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ایک اور شخص نے لکھا ہے کہ ’’رام لیلا میدان میں وزیراعظم کی تقریر پوری طرح چونکانے والی تھی۔ انہوں نے کہا کہ این آر سی پر کوئی منصوبہ ابھی تک نہیں بنایا گیا ہے لیکن امت شاہ کو یہ کہتے کئی بار سنا ہے۔ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ کوئی نظر بندی کیمپ نہیں ہے لیکن یہ تو پہلے سے ہی ہیں۔ ایک انسان اتنا سفید جھوٹ کیسے بول سکتا ہے۔‘‘


وزیر اعظم نے اتوار کو دہلی کے رام لیلا میدان سے اپنے خطاب میں کہا تھا ’’اگر آپ چاہتے ہیں تو مجھ سے نفرت کریں لیکن ملک سے نفرت مت کریں۔ میرا پتلا جلاؤ لیکن غریب آدمی کا آٹو رکشا مت جلاؤ۔ ملک میں این آر سی پر کبھی کوئی بات ہی نہیں ہوئی۔ ملک میں کوئی نظربندی کیمپ نہیں بنایا گیا۔‘‘ اس تقریر پر طنز کرتے ہوئے انوراگ کشیپ نے ہٹلر کے ایک ویڈیو کے اس حصہ کو شئیر کیا ہے جہاں وہ کہتے ہیں ’’میں جانتا ہوں کہ کون مجھ سے نفرت کر رہا ہے۔ مجھ سے نفرت کرنا آپ کی مرضی ہے لیکن جرمنی سے نفرت نہ کریں۔‘‘ ان کے اس ویڈیو پر لکھا ہے ’مجھ سے نفرت کرو لیکن ہندوستان سے مت کرو۔ بیچارے وزیر اعظم ہیش ٹیگ اربن نازی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔