جھارکھنڈ میں دردناک حادثہ، گنگا میں سما گیا ٹرکوں کو لے جا رہا جہاز، 10 افراد لاپتہ
جہاز کے کپتان نے بتایا کہ جہاز پر سوار کسی ایک ٹرک میں زوردار دھماکہ ہوا، غالباً یہ دھماکہ ٹرک کا ٹائر پھٹنے سے ہوا تھا، اس کے بعد جہاز بے قابو ہو گیا اور اس پر لدے 14 میں سے 5 ٹرک ندی میں سما گئے۔
جھارکھنڈ کے صاحب گنج سے کولکاتا کے منیہاری کے درمیان جمعرات کی شب تقریباً ایک بجے گنگا ندی میں مال بردار جہاز غرقاب ہو گیا۔ اس جہاز پر پتھر اور اسٹون چپس لدے 14 ٹرک تھے۔ ان ٹرکوں پر سوار آٹھ دس لوگ حادثے کے بعد لاپتہ ہیں۔ اندیشہ ہے کہ یہ لوگ ندی میں ڈوب گئے ہیں۔ حالانکہ اب تک کسی کی موت کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ حادثہ زدہ جہاز کو جمعہ تقریباً 10 بجے تباہ حالت میں صاحب گنج گنگا گھاٹ پر لایا گیا ہے۔
جہاز کے کپتان نے بتایا ہے کہ جہاز پر سوار کسی ایک ٹرک میں زوردار دھماکہ ہوا۔ غالباً یہ دھماکہ ٹرک کا ٹائر پھٹنے سے ہوا تھا۔ اس کے بعد جہاز بے قابو ہو گیا اور اس پر لدے 14 میں سے 5 ٹرک ندی میں سما گئے۔ جہاز صاحب گنج سے کھل کر منیہاری جا رہا تھا۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر صاحب گنج کے ڈی سی رام نواس یادو اور ایس پی انورنجن کسپوٹا نے گنگا گھاٹ پہنچ کر واقعہ کی جانکاری لی۔
ڈپٹی کمشنر رام نواس یادو نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع این ڈی آر ایف ٹیم کو دی گئی اور جلد ہی ریسکیو کا کام شروع ہو جائے گا۔ حادثے کے بعد اس کے تکنیکی اسباب کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ بتا دیں کہ جھارکھنڈ کے صاحب گنج، راج محل اور پاکوڑ علاقے سے اسٹون چپس کا بڑے پیمانے پر کاروبار ہوتا ہے۔ روزانہ اسٹون چپس لدے درجنوں ٹرک مال بردار جہاز کے ذریعہ کولکاتا اور آس پاس کے علاقوں میں بھیجے جاتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔