تریپورہ: بی جے پی حکومت کے خلاف صحافیوں کا مظاہرہ، وزیر اعلیٰ سے معافی کا مطالبہ

صحافیوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلی خود میڈیا کے خلاف پولس اور بی جے پی کارکنان کو بھڑکا رہے ہیں۔ بولنے کی آزادی اور میڈیا کی اظہار رائے کی آزادی کو بی جے پی-آئی پی ایف ٹی حکومت نے چھین لیا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

اگرتلہ: تریپورہ میں میڈیا کی سب سے بڑی تنظیم سے وابستہ میڈیا اہلکاروں نے بی جے پی حکومت میں صحافیوں پر ہورہے حملوں اور وزیراعلی بپلب کمار دیب کی دھمکی کے بعد جمعہ کو کالی پٹی لگاکر مظاہرہ کیا۔ اسمبلی آف جرنلسٹ (اے او جے) کے صدر اور معروف مدیر سبل کمار ڈے کی قیادت میں یہ مظاہرہ کیا گیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ تریپورہ کے مختلف حصوں میں کام کرنے والے چھ صحافیوں پر وزیراعلی کی دھمکی کے بعد حملہ کیا گیا۔اس کے ساتھ ہی مظاہرین صحافیوں اور اخبارات کی مالی مدد روکنے کے علاوہ انتظامیہ کے ذریعہ ان کا استحصال شروع کردیا گیا ہے۔

سبل کمار ڈے نے الزام لگایا کہ وزیراعلی خود میڈیا اہلکاروں کے خلاف پولس اور بی جےپی کارکنان کو بھڑکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بولنے کی آزادی اور میڈیا کی اظہار رائے کی آزادی کو بی جےپی-آئی پی ایف ٹی حکومت نے چھین لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک وزیراعلی معافی نہیں مانگتے اور صحافیوں کی حفاظت کو یقینی نہیں بناتے تب تک یہ تحریک جاری رہے گی۔


اے او جے صدر کا کہنا ہے کہ صحافیوں پر حملوں کے معاملوں میں خصوصی پولس نے معاملے درج کئے ہیں لیکن ابھی تک ایک شخص کے علاوہ کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ 11 ستمبر کو بپلب دیب نے ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میڈیا کے ایک طبقے پر تریپورہ میں کووڈ -19 کے سلسلے میں لوگوں میں وہم ڈالنے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا،’’تاریخ انہیں معاف نہیں کرےگی،تریپورہ کے لوگ انہیں معاف نہیں کریں گے۔میں انہیں معاف نہیں کروں گا۔تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ میں بپلب دیب،میں جو کہتا ہوں ،وہ کرتا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔