منگلور میں احتجاج کے دوران مرنے والے دو افراد کو ترنمول کانگریس نے دیا معاوضہ
سابق مرکزی وزیر و ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈردنیش تریویدی نے ہفتے کی صبح مہلوکین کے لواحقین کو چیک حوالے کیا۔
کولکاتا: شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے منگلور میں دو افراد کی موت ہوگئی تھی۔ سابق مرکزی وزیر و ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈردنیش تریویدی نے ہفتے کی صبح مہلوکین کے لواحقین کو چیک حوالے کیا۔ تریویدی کی سربراہی میں ترنمول کانگریس کا ایک وفد ممتا بنرجی کی ہدایت پر کرناٹک کے دورے پر ہے۔
19 دسمبرکو کرناٹک کے شہر منگلور میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف احتجاج میں دو افراد کی پولس کی گولی سے موت ہوگئی تھی۔ مرنے والوں کی شناخت محمد جلیل (65)اور اور نوشین بینگری (25) کے طور کی گئی تھی۔ مظاہرے میں شریک ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ان میں سے ایک کی آنکھ میں گولی لگی تھی جب کہ دوسرے کو سینے میں گولی لگی تھی۔
پولیس کا الزام ہے کہ مظاہرین نے پہلے پولس پرپتھراؤ کیا اور شمالی منگلور میں پولیس اسٹیشن کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ پولیس کمشنر پی ایس ہرشا نے پولیس کی کارروائی کوجائز قرار دیا۔ احتجاج میں شریک عینی شاہدین نے بتایا کہ پولیس نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ مقامی نیوز چینلز کے جاری کردہ ویڈیوز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پرامن مظاہروں پر پولیس نے مار پیٹ اور فائرنگ کی تھی۔
خیال رہے کہ کرناٹک کی یدی یورپا حکومت نے پہلے مہولوکین کے اہل خانہ کےلئے معاوضہ کا اعلان کیا تھا مگر بعد میں یہ کہتے ہوئے واپس لے لیا کہ جانچ کے بعد دونوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔