لوک سبھا میں پرنب مکھرجی اور دیگر مرحوم لیڈروں کو پیش کیا گیا خراج عقیدت

لوک سبھا اسپیکر برلا نے سابق صدر پرنب مکھرجی کو پارلیمانی امور کے ماہر، مقبول رہنما اور تمام جماعتوں میں ان کی شخصیت کے لئے احترام کے جذبے کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ ملک کے اعظیم لیڈروں میں سے ایک تھے۔

پرنب مکھرجی، تصویر ٹوئٹر بنگال کانگریس
پرنب مکھرجی، تصویر ٹوئٹر بنگال کانگریس
user

یو این آئی

نئی دہلی: لوک سبھا نے مانسون سیشن کے پہلے روز آج سابق صدر پرنب مکھرجی، ایوان کے رکن ایچ وسنت کمار، کلاسیکی گلوکار پنڈت جسراج اور ایوان کے دیگر سابق اراکین کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کارروائی شروع کرتے ہی ایوان کو سابق اراکین کے انتقال کی اطلاع دی اور ان کے تعاون کا ذکر کیا۔ ایوان نے ملک کی سلامتی کے لئے شہید ہونے والے فوجیوں اور کورونا سے لڑتے ہوئے اپنی جان گنوانے والے کورونا واریئر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے سابق صدر پرنب مکھرجی کو پارلیمانی امور کے ماہر، مقبول رہنما اور تمام جماعتوں میں ان کی شخصیت کے لئے احترام کے جذبے کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ ملک کے اعظیم لیڈروں میں سے ایک تھے۔ مسٹر مکھرجی تیز طرار مقرر، پارلیمانی امور کے ماہر تھے اور انہوں نے پانچ دہائیوں سے زیادہ کی اپنی سیاسی زندگی میں ملک کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔


پرنب مکھرجی کو جمہوریت کی اصل روح کے پرستار قرار دیتے ہوئے اوم برلا نے کہا کہ وہ پرنب دا کے نام سے مشہور تھے اور ان کا خیال تھا کہ آئین محض ایک دستاویز نہیں ہے بلکہ ملک کی ترقی میں سرگرم کردار ادا کرنا کا ایک گر ہے۔ انہوں نے متعدد کتابیں لکھیں ہیں جو ملک کی جمہوریت کو آگے بڑھانے میں آئندہ نسلوں کی رہنمائی کریں گی۔

اوم برلا نے موجودہ ایوان کے رکن ایچ وسنت کمار کی موت کی اطلاع دی اور کہا کہ وہ تامل ناڈو سے ایوان میں کنیا کماری پارلیمانی حلقہ کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وسنت کمار کیمیکلز، کھاد اور پارلیمانی امور سے متعلق کمیٹی کے رکن بھی تھے۔ وہ تمل ناڈو اسمبلی کے بھی رکن رہے۔ ان کا 28 اگست کو 70 سال کی عمر میں کورونا انفیکشن سے انتقال ہو گیا۔


انہوں نے ایوان کو عظیم کلاسیکی گلوکار پنڈت جسراج کی موت کی بھی اطلاع دی اور کہا کہ ان کا انتقال 17 اگست کو امریکہ میں ہوا۔ حکومت ہند نے کلاسیکی موسیقی میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر انہیں پدم وبھوشن سے نوازا تھا۔ وہ سنگیت ناٹک اکیڈمی کی سربراہ بھی رہے۔ اوم برلا نے کہا کہ اس دوران ایوان کے کئی سابق اراکین کا بھی انتقال ہوا ہے۔ ایوان نے سابق اراکین مادھو راؤ پاٹل، پارس ناتھ پاٹل، ہری بھاوا مادھو جیولے، لال جی ٹنڈن، کملارانی، چیتن چوہان، سریندر پرکاش گوئل، رگھوونش پرساد سنگھ سمیت 13 اراکین کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

لوک سبھا نے سرحد پر شہید فوجیوں کے ساتھ ساتھ ملک کی خدمات کے لئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران کورونا کی وجہ سے شہید ہوئے ڈاکٹروں، پولیس اہلکاروں اوردیگر کورونا واریئر کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ان سب کے اعزاز میں ایوان میں ’مون‘ رکھا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔