جھارکھنڈ میں 50 سال سے اوپر عمر والے قبائلیوں و دلتوں کو ملے گی پنشن، وزیر اعلیٰ سورین کا اعلان
وزیر اعلیٰ سورین کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے انتخاب کے وقت کہا تھا ہماری حکومت دہلی اور رانچی سے نہیں چلے گی، آج دیکھیے آپ کی سرکار-آپ کے دوار پروگرام کے ذریعہ گاؤں سے حکومت چل رہی ہے۔‘‘
جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے اپنی حکومت کے چار سال مکمل ہونے پر جمعہ کو رانچی کے مورہابادی میدان میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کچھ اہم اعلانات کیے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی حکومت قبائلیوں اور دلت کنبوں کے 50 سال عمر سے اوپر کے سبھی اشخاص کو سرکاری پنشن دے گی۔ اب تک 60 سال یا اس سے زیادہ کی عمر کے لوگوں کو یہ فائدہ ملتا رہا ہے۔
ہیمنت سورین نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ درجہ 9 سے لے کر 11 تک کے طلبا کو بہترین تعلیمی اداروں میں پڑھائی کے لیے حکومت گروجی کریڈٹ کارڈ منصوبہ کے تحت بغیر کسی گارنٹی کے قرض بھی دے گی۔ یہ قرض طلبا ملازمت حاصل کرنے کے بعد آسان قسطوں میں لوٹائیں گے۔ اس دوران سورین نے پی ڈی ایس ڈیلرس کا کمیشن بڑھانے، بیٹیوں کی پڑھائی میں معاشی مدد کرنے جیسے کئی دیگر اعلانات بھی کیے۔
آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کے مدنظر یہ اعلانات ریاستی حکومت کا ماسٹر اسٹروک تصور کیے جا رہے ہیں۔ سورین نے تقریب میں موجود شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ریاست کے قبائلیوں، دلتوں، پسماندوں، نوجوانوں، خواتین، بزرگوں کی مدد کے لیے ہر وقت کھڑی ہے۔ ریاست میں جب ڈبل انجن حکومت تھی تو عام دنوں میں لوگ بھوک سے مر رہے تھے۔ موجودہ حکومت نے کورونا بحران میں بھی یقینی بنایا کہ ہر شخص کو کھانا اور سیکورٹی ملے۔ قبل کی حکومتوں نے 20 سال میں صرف 16 لاکھ لوگوں کو پنشن دی، جبکہ ان کی حکومت نے 36 لاکھ 20 ہزار استفادہ کنندگان کو پنشن سے جوڑا ہے۔ ہر غریب کو حکومت کے کسی نہ کسی منصوبہ کا فائدہ مل رہا ہے۔
ریاستی حکومت کی طرف سے حال ہی میں شروع ’ابوا رہائش منصوبہ‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سورین نے کہا کہ اس کے تحت ریاست کے آٹھ لاکھ غریبوں کو تین کمروں پر مشتمل سہولت آمیز رہائش ملے گی۔ اس کے لیے لوگ نشان زد کر لیے گئے ہیں۔ سورین نے کہا کہ انھوں نے مرکز سے ریاست کے سبھی غریبوں کی رہائش کے لیے امداد مانگی تھی، لیکن اس نے انکار کر دیا۔ اب ہم اپنے وسائل سے ہر غریب کے سر پر چھت مہیا کرائیں گے۔
حکومت کے چار سال کا رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے سورین نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے فوراً بعد دو سال تک کورونا اور خشک سالی جیسا چیلنج رہا۔ لاک ڈاؤن میں دنیا تھم گئی تھی، لیکن ہماری حکومت نے ریاست میں کوئی افرا تفری نہیں ہونے دی۔ جھارکھنڈ نے آکسیجن سپلائی کر ملک بھر کے لوگوں کی جان بچائی۔
اپنی حکومت کو قبائلیوں اور حقیقی باشندوں کے حقوق سے متعلق پرعزم بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ سورین نے کہا کہ ریاست بننے کے بعد جن کی حکومت بنی انھوں نے جھارکھنڈ کا برا حال کر دیا۔ لوگ ہاتھ میں راشن کارڈ لے کر مر گئے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے انتخاب کے وقت کہا تھا ہماری حکومت دہلی اور رانچی سے نہیں چلے گی۔ آج ’آپ کی یوجنا، آپ کی سرکار، آپ کے دوار‘ پروگرام کے ذریعہ گاؤں سے حکومت چل رہی ہے۔‘‘
تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے مختلف محکموں میں خالی اسامیوں کے لیے کئی امیدواروں کے درمیان تقرری نامہ کی بھی تقسیم کی۔ تقریب میں اتراکھنڈ ٹنل حادثہ میں پھنسے راجندر بیدیا کو بھی تقرری نامہ سونپا گیا۔ اس دوران انھوں نے 3698 کروڑ کے 323 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور 850 کروڑ کے 20 منصوبوں کا افتتاح کیا۔ پروگرام میں جے ایم ایم چیف شیبو سورین سمیت ریاستی حکومت کے کئی وزراء بھی موجود رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔