ہاتھرس میں اندوہناک سڑک حادثہ، ہریدوار سے لوٹ رہے 6 کانوڑیوں کی موت
ہاتھرس ضلع میں ایک بے قابو ڈمپر نے کانوڑیوں کو کچل دیا، اس حادثے میں 6 عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور دو شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے آگرہ ریفر کر دیا گیا ہے
ہاتھرس: اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں ایک بے قابو ڈمپر نے کنواڑیوں کو روند دیا۔ حادثے میں 6 کانوڑیوں کی موت واقع ہو گئی اور دو شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے آگرہ ریفر کیا گیا ہے۔ کانوڑ یاتریوں کا یہ جتھہ گنگا جل لے کر ہریدوار سے مدھیہ پردیش کے گوالیار جا رہا تھا۔
یہ حادثہ ہاتھرس ضلع کے سادآباد تھانہ علاقے کے تحت ہاتھرس-آگرہ روڈ کے بڑھار چوراہے پر پیش آیا۔ جہاں ہفتہ کی رات تقریباً 2.30 بجے ایک بے قابو تیز رفتار ڈمپر نے کانوڑیوں کے ایک دستے کو روند دیا۔ اس حادثے میں 6 کانوڑیوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 2 شدید طور پر زخمی ہو گئے، جنہیں قریبی ڈاکٹر سے ابتدائی طبی امداد دلانے کے بعد آگرہ میڈیکل کالج ریفر کر دیا گیا۔
کانوڑیوں کے دستے میں شامل ایک نوجوان نے بتایا کہ اس کے ساتھی ہریدوار سے گنگا جل لے کر مدھیہ پردیش کے گوالیار جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے، جنہوں نے موقع پر امدادی کام شروع کر دیا۔
آگرہ زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کرشنا نے بتایا کہ حادثے میں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ دوسری جانب حادثے کا شکار ہونے والے ٹرک اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
خیال رہے کہ فی الحال ساون کا مہینہ چل رہا ہے اور اس مہینے میں ہندو عقیدتمند کانوڑ یاترا پر جاتے ہیں۔ کانوڑیاں گنگا سے جل لے کر کر اپنے اپنے مقامات کے شیو مندروں میں لے جا کر شیو لنگ پر چڑھاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پولیس انتظامیہ کو کانوڑیوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔