مہاراشٹر: بلڈھانہ میں اندوہناک سڑک حادثہ، بے قابو ٹرک نے 10 مزدوروں کو کچلا، 5 ہلاک
ملکاپور کے ایس ڈی پی او دیورام گولی نے کہا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً 5.30 بجے پیش آیا، جب سیب سے لدا ایک ٹرک شاہراہ سے اتر کر سڑک مرمت کے کاموں میں لگے 10 مزدوروں پر چڑھ گیا۔
مہاراشٹر کے بلڈھانہ ضلع میں آج دردناک سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ ناندورا-ملکاپور ریاستی شاہراہ پر ایک بھیانک حادثہ میں تیز رفتار ٹرک نے سڑک کنارے سو رہے 10 مزدوروں کو کچل دیا۔ اس حادثے میں 5 لوگوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ 6 دیگر زخمیوں کا علاج چل رہا ہے۔ زخمیوں میں 2 کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ کے بعد ٹرک ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
ملکاپور کے ایس ڈی پی او دیورام گولی نے کہا کہ یہ حادثہ صبح تقریباً 5.30 بجے پیش آیا جب سیب سے لدا ایک ٹرک شاہراہ سے اتر کر سڑک مرمت کے کام میں لگے 10 مزدوروں پر چڑھ گیا۔ دیورام نے خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کو بتایا کہ متاثرین مین سڑک سے کافی دور تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ ٹرک راستہ بھٹک گیا تھا جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ ڈرائیور کو گاڑی چلاتے وقت جھپکی سی آ گئی ہوگی۔ حادثہ کے بعد اس نے ٹرک چھوڑ دیا اور وہاں سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔
اس اندوہناک حادثہ میں 5 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 5 دیگر بری طرح زخمی ہو گئے ہیں جن میں 2 کی حالت سنگین ہے اور انھیں قریب کے ہی چوپڈے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ مہلوکین کی شناخت ابھشیک آر جامبھیکر (18 سال)، پرکاش بی جامبھیکر (26 سال)، پنکج ٹی جامبھیکر (25 سال) کی شکل میں کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔