تلنگانہ میں المناک حادثہ، گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

تلنگانہ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس میں گھر میں آگ لگنے سے 6 افراد زندہ جل گئے۔ ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی ہلاکت کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے

آگ لگنے کی علامتی تصویر
آگ لگنے کی علامتی تصویر
user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: تلنگانہ کے منچریال ضلع کے راماکرشناپورم پولیس اسٹیشن کے گُڈی پلی دیہات میں ایک مکان میں آگ لگنے کے ہولناک واقعہ میں 6 افراد زندہ جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جس وقت آگ لگی تمام افراد نیند میں تھے۔

پولیس نے بتایا کہ کل شب ایم شیوئیا نامی شخص کے مکان میں یہ آگ لگی جس کی اطلاع پڑوسیوں نے پولیس اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو دی جس پر چوکس فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔ تاہم تب تک مکان میں موجود 6 افراد زندہ جھلس کر ہلاک ہو چکے تھے۔


مہلوکین کی شناخت 50 سالہ ایم شیوئیا، اس کی بیوی راجیہ لکشمی، راجیہ لکشمی کی بھانجی 35سالہ مونیکا، 2 سالہ ہیمابندو، 4 سالہ سوئیٹی اور 50 سالہ شانتیا (سنگارینی ورکر) کے طورپر کی گئی ہے۔ ہلاک ہونے والے افراد شیوئیا کے رشتہ دار ہیں جو اس خاندان سے ملنے کے لئے آئے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ راجیہ لکشمی کے یہ رشتہ دار دو دن پہلے آئے تھے اور واقعہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ پولیس نے کہا کہ اس مکان کو کسی کی جانب سے آگ لگانے کے زاویہ سے بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس نے جلے ہوئے مکان سے شواہد جمع کر لئے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔