شہریت ترمیمی بل کے معاملہ میں مرکزی نظام کی روایت پر عمل نہیں ہوا: کمل ناتھ

وزیر اعلی کمل ناتھ نے کہا کہ ہمارے ملک کی ثقافت اور تنوع کو برقرار رکھنے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ فیصلہ سازی کے عمل میں سبھی کا تعاون لیا جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کمل ناتھ نے کہا ہے کہ شہریت ترمیمی بل پر مرکزی حکومت نے وفاقی سسٹم کی روایت پر عمل نہ کرتے ہوئے اکثریت کے بل پر ترمیمی بل پاس کروایا گیا ہے۔ اس سے ملک کے اتحاد اور سالمیت کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

کمل ناتھ سرمائی اجلاس شروع ہونے سے قبل گزشتہ شب ان کی رہائش گاہ پر کانگریس پارٹی اراکین کی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اکثریت سے لوک سبھا چلائی جا سکتی ہے، لیکن ملک نہیں۔ اہم اور حساس ایشوز پر اتفاق رائے اور باہمی بحث و مباحثہ ضروری ہوتی ہے۔ شہریت ترمیمی بل پر مرکزی حکومت کو ملک کے تمام وزرائے اعلی سے ملاقات کرکے بحث کرنی چاہیے۔


وزیر اعلی نے کہا کہ ہمارے ملک کی ثقافت اور تنوع کو برقرار رکھنے اور جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لئے یہ ضروری ہے کہ فیصلہ سازی کے عمل میں سبھی کا تعاون لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت ایسا نہیں کر رہی ہے، اس سے ملک کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔

کمل ناتھ نے ایک سال کی مدت مکمل ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران ان کے سامنے بڑے چیلنجز تھے۔ خزانہ خالی تھا، بی جے پی حکومت نے اپنے دور اقتدار کے آخری دنوں میں 800 کروڑ کی ایسی اسکیمیں نافذ کی تھی جن کا بجٹ میں کوئی التزم نہیں تھا۔ ان کی ادائیگی بھی ہمیں کرنی پڑی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ اس دوران مرکز سے جی ایس ٹی کا جو حصہ ریاست کو ملنا تھا، وہ بھی نہیں مل رہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دور میں مرکزی منصوبوں میں 90 فیصد حصہ مرکز اور 10 فیصد ریاست کا حصہ ہوتا تھا۔ فی الحال مرکز میں بیٹھی بی جے پی حکومت نے اسے کم کرکے 60 اور 40 فیصد کر دیا ہے۔ اس کے برعکس حالات میں هم نے’وچن پتر‘- انتخابی منشور کی بنیاد پر ترجیحات طے کیے اور قرض معافی جیسے بڑے فیصلے اور کام کیے۔

وزیر اعلی نے ممبران اسمبلی سے کہا کہ وہ سرمائی اجلاس کے دوران اپوزیشن کے گمراہ کرنے اور جھوٹے الزامات کا پوری طاقت سے جواب دیں۔ انہوں نے تمام وزراء سے کہا کہ وہ گزشتہ ایک سال کے کام کاج کی معلومات ممبران اسمبلی کو دیں تاکہ وہ ایوان میں رکھ سکیں۔


ابتدائی طور پر وزیر اعلی نے جھابوا کے نو منتخب رکن اسمبلی كانتی لال بھوریا کا استقبال کیا۔ پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر گووند سنگھ نے تمام وزراء اور ممبران اسمبلی کا خیر مقدم کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔