ٹوکیو اولمپکس: نیرج چوپڑا نے ہندوستان کی جھولی میں ڈالا ’گولڈ‘، مبارکبادیوں کا سلسلہ شروع

صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی سمیت متعدد سیاسی و سماجی ہستیوں نے نیرج چوپڑا کے کارنامے کو فخر آمیز قرار دیا۔

نیرج چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس
نیرج چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ٹوکیو اولمپک کے سولہویں دن ہندوستان کے اسٹار جیولن تھرووَر نیرج چوپڑا نے ملک کو فخر کرنے کا ایک ایسا موقع فراہم کرایا جسے تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انھوں نے ٹوکیو اولمپک میں ہندوستان کی جھولی ’گولڈ‘ سے بھر دی ہے۔ نیرج چوپڑا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اتھلیٹکس میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی ہونے کا فخر حاصل کر لیا ہے۔ نیرج چوپڑا نے فائنل مقابلے میں 87.58 میٹر دور بھالا پھینک کر یہ طلائی تمغہ حاصل کیا۔ نیرج چوپڑا نے اپنے دوسرے تھرو میں ہی یہ دوری طے کر لی۔

نیرج چوپڑا کی کامیابی نے ہندوستان کا سر فخر سے اونچا کر دیا ہے اور مشہور و معروف ہستیوں کے ذریعہ مبارکباد دیے جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت متعدد سیاسی و سماجی ہستیوں کے ذریعہ نیرج چوپڑا کو مبارکباد پیش کی گئی اور ان کے بہترین کھیل کے لیے شکریہ بھی ادا کیا گیا۔


صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے نیرج چوپڑا کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک بے مثال جیت ہے۔ آپ کا بھالا پھینک میں جیتا ہوا سونا کئی رکاوٹوں کو توڑتا ہے اور تاریخ رقم کرتا ہے۔ آپ نے اپنے پہلے اولمپک میں ہندوستان کو پہلی بار ٹریک اینڈ فیلڈ میں میڈل دلایا ہے۔ آپ کا کرتب ہمارے نوجوانوں کو ترغیب دے گا۔ ہندوستان پرجوش ہے۔ پرخلوص مبارکباد۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس جیت پر اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹوکیو میں تاریخ رقم کی گئی ہے۔ نیرج چوپڑا نے آج جو حاصل کیا ہے اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ نوجوان نیرج نے غیر معمولی طور پر بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے قابل ذکر جنون کے ساتھ کھیلا اور غیر معمولی صبر کا دکھایا۔ گولڈ جیتنے کے لیے انھیں مبارکباد۔‘‘


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پر انھیں مبارکباد پیش کی ہے۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے لکھا ہے ’’نیرج چوپڑا کو سلام! آج آپ کے لیے ایک ارب دل دھڑک رہے ہیں۔ اور ہم میں سے سبھی آپ کی کامیابی پر فخر کر رہے ہیں۔‘‘ پرینکا گاندھی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈ پر لکھا ہے ’’نیرج چوپڑا نے گھر گولڈ لایا! کیا لاجواب کارکردگی رہی۔ ایک نئی تاریخ رقم ہوئی۔ ہندوستان آپ پر فخر کرتا ہے۔ مبارکباد۔‘‘

واضح رہے کہ نیرج چوپڑا نے پہلے تھرو میں 87.03 کی دوری طے کر نمبر ایک پر اپنی جگہ بنا لی تھی، لیکن اس کے بعد انھوں نے اگلے تھرو میں اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کیا، اس طرح نیرج چوپڑا نے ٹوکیو میں ہندوستان کو پہلا طلائی تمغہ دلا دیا۔ ہندوستان کے اتھلیٹکس میں میڈل کا 100 سالہ تاریخ انتہائی خشک تھا جس کا انھوں نے خاتمہ کر دیا۔ 23 سالہ نیرج نے کوالیفکیشن راؤنڈ میں سب سے اچھا تھرو کیا تھا۔ ان کا تھرو 86.59 میٹر کا تھا۔ 1920 بلجیم اولمپک میں ہندوستان کی جانب سے تین ٹریک اینڈ فیلڈ اتھلیٹس اور دو پہلوانوں نے حصہ لیا تھا، تب سے آج تک کسی بھی ہندوستانی نے اتھلیٹکس میں میڈل نہیں جیتا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔