’مل کر لڑیں گے، جیتیں گے اور ملک کے حالات بدل دیں گے‘، کانگریس کارکنان کو راہل گاندھی نے لکھا حوصلہ بخش خط

راہل گاندھی نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’’اس لڑائی میں کانگریس کی سب سے بڑی طاقت آپ جیسے مخلص کارکنان ہیں، آپ بے خوف ہیں کیونکہ کانگریس کے نظریات آپ کے دلوں میں اور عمل میں موجود ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے تیسرے مرحلہ کی ووٹنگ سے ٹھیک ایک دن پہلے کانگریس کارکنان کے نام انتہائی حوصلہ بخش خط لکھا ہے۔ اس خط میں راہل گاندھی نے پارٹی کارکنان سے انتخاب تک سخت محنت کرنے کی اپیل کی ہے اور انھیں ’ببر شیر‘ قرار دیا ہے۔ خط میں وہ لکھتے ہیں کہ ’’یہ انتخاب کوئی معمولی انتخاب نہیں ہے۔ یہ صرف سیاسی پارٹیوں کے درمیان کی لڑائی نہیں ہے، بلکہ ہماری جمہوریت اور آئین کو بچانے کی لڑائی ہے۔ ایک طرف محبت و انصاف پر مبنی کانگریس کا نظریہ ہے اور دوسری طرف مودی حکومت، بی جے پی، آر ایس ایس کا خوف و تخریب کاری پر مبنی نظریہ ہے۔‘‘

راہل گاندھی اس خط میں آگے لکھتے ہیں کہ ’’اس لڑائی میں کانگریس کی سب سے بڑی طاقت آپ جیسے مخلص کارکنان ہیں۔ آپ بے خوف ہیں، کیونکہ کانگریس کے نظریات آپ کے دلوں میں، آپ کی سوچ میں اور آپ کے عمل میں موجود ہے۔ آپ پارٹی کی ریڑھ ہیں اور ہم آپ کے بغیر نہیں جیت سکتے۔‘‘ راہل نے مزید لکھا کہ ’’میں اب تک کی آپ کی ساری محنت کے لیے ایمانداری سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کی وجہ سے ہم ہندوستانی عوام کی بات سن کر ایک انقلابی انتخابی منشور تیار کر پائے ہیں۔ ہم نے انتخاب کے پہلے دو مراحل میں اچھی طرح جدوجہد کی ہے۔ ہم بی جے پی کے جھوٹ اور توجہ بھٹکانے والے کاموں کی مخالفت کرنے اور انھیں جواب دینے کے لیے مجبور کرنے میں کامیاب ہیں۔‘‘


راہل گاندھی نے اپنے اس خط میں کانگریس کارکنان کو کچھ اہم باتوں کی طرف توجہ دلائی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مزید ایک مہینے کی سخت محنت کرنے کا وقت ہے۔ یہ یقینی کرنے کے لیے کہ ہماری گارنٹی ہر ہندوستانی تک پہنچے، اور یہ یقینی کرنے کے لیے کہ ہر کوئی ووٹ دینے کے لیے نکلے۔ آئیے ہم سب مل کر کانگریس کا پیغام اور اپنی گارنٹی کو ہر گاؤں، محلے، گلی اور گھر گھر تک پہنچائیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم گھر گھر تک جائیں۔ ہمیں ہر نوجوان، خاتون، مزدور، کسان اور محروم طبقہ تک پہنچنا ہوگا۔ میں اس لڑائی میں اپنا سب کچھ دے رہا ہوں اور میں آپ سے بھی یہی چاہتا ہوں۔‘‘ خط کے آخر میں راہل گاندھی لکھتے ہیں ’’جب تک کانگریس کا ایک بھی کارکن سچائی کے لیے کھڑا ہے، تب تک ہندوستان میں نفرت نہیں جیت سکتی، اور ہم ایک نہیں... کروڑوں ہیں۔ مل کر لڑیں گے، جیتیں گے اور ملک کے حالات بدل دیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔