کانگریس پارٹی کے سہ روزہ چنتن شیویر کا آج دوسرا دن، پہلے دن سونیا گاندھی نے اقلیتوں کے لئے ظاہر کی فکرمندی

نو چنتن سنکلپ شیویر کے پہلے دن افتتاحی تقریر پیش کرتے ہوئے کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اقلیتوں پر حملے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے بی جے پی پر ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کرنے الزام عائد کیا

’نو سنکلپ چنتن شیویر‘ سے سونیا گاندھی کا خطاب / ٹوئٹر
’نو سنکلپ چنتن شیویر‘ سے سونیا گاندھی کا خطاب / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

اُدے پور: راجستھان کے اُدے پور میں کانگریس کے سہ روزہ نو سنکلپ چنتن شیویر (غوروفکر کیمپ) کا آج دوسرا دن ہے۔ کیمپ کے پہلے دن کانگریس کے اہم لیڈران نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور کیمپ کے مقاصد پر روشنی ڈالی، جبکہ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے افتتاحٰ تقریب پیش کی۔ غوروفکر کیمپ کے دوسرے دن یعنی کہ آج اندرونی بحث و مباحثہ کا دور جاری رہے گا۔ آج پی چدمبرم، بھوپندر سنگھ ہڈا اور سلمان خورشید الگ الگ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے غوروفکر کیمپ کے پہلے دن افتتاحی تقریب پیش کرتے ہوئے دو ٹوک کہا کہ تنظیم کو غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہے۔ ہمیں اصلاحات اور حکمت عملی میں تبدیلی کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی صورت حال کا سامنا غیر معمولی کوششوں کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔


سونیا گاندھی نے اقلیتوں پر حملے کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے جہاں ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر نشانہ لگایا وہیں بی جے پی پر ملک بھر میں نفرت کا ماحول پیدا کرنے کا الزام عائد کیا۔ گزشتہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اپنے پیغام کا اعادہ کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کیمپ سے خطاب کے دوران کہا کہ پارٹی نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے، اب قرض اتارنے کا وقت ہے۔

کانگریس صدر نے مزید کہا کہ میں ذادی توقعات کو تنظیم کے مفادات کے دائرے میں رکھنا ہوگا۔ غوروفکر کیمپ میں شرکت کر رہے نمائندگان سے سونیا گاندھی نے کہا کہ اندر کھل کر اپنی رائے پیش کریں لیکن باہر صرف اور صرف ایک پیغام جانا چاہئے کہ پارٹی تنظیم متحد ہے۔


اطلاعات کے مطابق آج صبح کے وقت اقتصادی معاملات پر پی چدمبرم، کسانوں کے مسائل پر بھوپندر سنگھ ہڈا اور سماجی انصاف کے حوالہ سے سلمان خورشید کی تین مختلف پریس کانفرسز ہوں گی۔ ان میں کانگریس لیڈران مذکورہ موضوعات پر کانگریس کا روڈ میپ واضح کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔