عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ہماری اولیں ترجیح: کمل ناتھ
کمل ناتھ نے کہا کہ منشور کے مطابق سب سے پہلے کسانوں کے قرض معافی سے متعلق وعدے پر عمل کی شروعات کی ہے، اس کے ذریعے تقریباً 50 لاکھ کسانوں کو دو لاکھ روپے تک کا قرض معاف کیا گیا۔
جبل پور: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ ریاستی سرکار اپنے منشور میں کیے وعدوں کو مرحلہ وار پورا کر رہی ہے اور سبھی وعدے پورا کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
کمل ناتھ نے ریاست کے مہا کوشل خطہ کے اہم شہر جبل پور میں ریاستی کابینہ کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے منشور کے مطابق سب سے پہلے کسانوں کے قرض معافی سےمتعلق وعدے پر عمل کی شروعات کی، اس کے ذریعے تقریباََ 50 لاکھ کسانوں کو دو لاکھ روپے تک کا قرض معاف کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معیشت کا انحصار کھیتی باڑی ہے اور اس کے متعلق کاروبار اور اسی کے ذریعے بازاروں میں رونق آتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس لئے سرکار کھیتی باڑی، کسان اور اس سے متعلق شعبوں پر ترجیحی بنیادوں کے طور پر کا م کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی منشور میں کیے گئے وعدوں کو پورا کیا جارہا ہے۔ ابھی نئی سرکار کو 50 سے زائد دن ہوئے ہیں اور وراثت میں ملی خراب مالی حالت کے باوجود سرکار اپنے وعدوں کو پورا کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب مہا کوشل خطہ کی ترقی بھی تیزی سے کی جا ئے گی۔ اس علاقے کو اب نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔
اس سے قبل نئی سرکار کی کابینہ میٹنگ پہلی مرتبہ درالحکومت بھوپال کے باہر یہاں منعقد کی گئی ہے۔ کمل ناتھ کی قیادت میں ہوئی میٹنگ میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ صبح ہی یہاں پہنچ گئے تھے اور وہ شام کو پلوامہ میں دہشت گردوں کےحملے میں سینٹرل ریزرو پولس فورس ( سی آر پی ایف) کے جوان اور جبلپور ضلع کے سپوت اشونی کمار کے آبائی گاؤں کھڈول میں پہنچ کر آخری رسوما ت میں بھی شامل ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Feb 2019, 1:09 PM