وزیر اعظم بننا میری کوئی خواہش نہیں ہے اگر میں اس کا مستحق ہوں تو ضرور بن جاؤں گا: نتن گڈکری

مرکزی وزیر نتن گڈکری نے حزب اختلاف کی جانب سے وزیر اعظم بننے کی مبینہ پیشکش پر اپنا موقف واضح کیا۔ بتایا کہ وزیراعظم بننے کی تجویز ان کے خیالات سے میل نہیں کھاتی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری بھی ممبئی میں منعقدہ انڈیا ٹوڈے کنکلیو کے دوسرے اور آخری دن پہنچے۔ انہوں نے کئی اہم سوالات کے جوابات دیے لیکن کئی سوالوں کے جواب دینے سے انکار بھی کیا ۔ خاص طور پر وزیر اعظم بننے کی پیشکش پر انہوں نے کچھ کہنے سے انکار کردیا ۔

سیاسی حلقوں میں یہ چرچا عام ہے کہ انہوں نے حزب اختلاف  کی جانب سے وزیراعظم بننے کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔ مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ وزیر  نتن گڈکری نے اس سوال پر کہ 4 جون کو انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد انہیں وزیر اعظم بننے کی پیشکش کی گئی تھی، لیکن انہوں نے اس پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا جس کا  انہوں نے جواب دیا کہ وزیر اعظم بننا  ان کے نظریے سے میل نہیں کھاتا۔


گڈکری نے بتایا کہ انہوں نے اس طرح کی پیشکش کرنے والوں سے بھی پوچھا، "آپ مجھے وزیر اعظم کیوں بنانا چاہتے ہیں؟ اور میں نے کہا کہ یہ میرے خیالات کے مطابق نہیں ہے، اور میری ایسی کوئی خواہش نہیں ہے۔" جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وزیر اعظم بننے کی تجویز حزب اختلاف  میں شرد پوار یا سونیا گاندھی کی طرف سے آئی تھی؟ گڈکری نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر کچھ نہیں کہیں گے اور اگر لوگ قیاس آرائی کرنا چاہتے ہیں تو وہ ایسا کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

مودی کی بڑھتی عمر اور آر ایس ایس میں ان کی ساکھ کے بارے میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں  وزیر اعظم مودی کے بعد ترقی ملے گی؟ انہوں نے کہا، "میں آر ایس ایس کا رضاکار ہوں، آپ مودی جی سے سوال پوچھ سکتے ہیں، لیکن میرے اور وزیر اعظم مودی کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں۔"


نتن گڈکری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں کچھ بننے کے لیے سیاست میں نہیں آیا ہوں، کوئی کسی کو آگے بڑھنے نہیں دیتا، لیکن آج میں دل سے کہہ رہا ہوں کہ مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم بننے کی خواہش کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میری کوئی خواہش نہیں ہے اگر میں اس کا مستحق ہوں تو ضرور مجھے مل جائے گا۔

نتن گڈکری کے پاس گزشتہ دس سالوں سے مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ وزارت کی ذمہ داری تھی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہیں اپنے تجربے کے مطابق مزید وزارتیں نہیں ملنی چاہئیں؟ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ میں کبھی کسی سے کچھ مانگنے نہیں گیا، میں 5 فیصد سیاست اور 95 فیصد سماجی خدمت پر یقین رکھتا ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔