ہندوستان میں عام لوگوں کے لیے مرکوز حکومت شروع کرنے کا وقت: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے ایک بار کہا تھا– سب سے اہم آواز صف میں آخری آواز ہوتی ہے۔ کماری چندریا کی آواز ایسی ہی ایک آواز تھی اور ’دورالا‘ بی آر ایس حکومت نے انھیں ناکام کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’اب پورے ہندوستان میں عام لوگوں کے لیے مرکوز حکومت کے دور کی شروعات کرنے کا وقت آ گیا ہے۔‘‘ انھوں نے تلنگانہ میں مختلف مسائل کا سامنا کر رہے عوام کی آواز اٹھاتے ہوئے بی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور دعویٰ کیا کہ ’’بی آر ایس حکومت تلنگانہ کے لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں نااہل ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنے یوٹیوب چینل پر تلنگانہ میں 2020 میں خودکشی کرنے والے ایک کسان کی فیملی کے گھر اپنے حالیہ دورہ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ اپنے پوسٹ میں راہل گاندھی نے تلنگانہ میں پارٹی کی گارنٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاستی عوام کو راحت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیے گئے۔


راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’گاندھی جی نے ایک بار کہا تھا کہ سب سے اہم آواز صف میں آخری آواز ہوتی ہے۔ کماری چندریا کی آواز ایسی ہی ایک آواز تھی اور ’دورالا‘ بی آر ایس حکومت نے انھیں ناکام کر دیا۔ وہ تلنگانہ کے ایک چھوٹے کسان تھے، جو اپنی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے اور قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے۔ انھوں نے اپنی پیاری فیملی کو پیچھے چھوڑ کر خودکشی کر لی۔‘‘ راہل گاندھی نے مہلوک کسان کے کنبہ سے ملنے کی ویڈیو شیئر کی جس میں انھوں نے دعویٰ کیا کہ اگر چندریا کو صحیح وقت پر سرکاری امداد دی گئی ہوتی تو وہ اب بھی زندہ ہوتے اور اپنے چاہنے والوں کے ساتھ ہوتے۔ بی آر ایس اور بی جے پی کی طرح دورالا کی حکومت تلنگانہ کے لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے میں ناکام ہے۔

راہل گاندھی نے ایک سوال بھی قائم کیا کہ کیا کانگریس حکومت تشکیل دی گئی تو کیا کوئی فرق پڑے گا؟ اس کا جواب انھوں نے خود ہی دیا اور کہا ’’بالکل، ہاں!‘‘ انھوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس کی گارنٹی کروڑوں ایسی آوازوں اور خواہشات کا اظہار ہے جو صف میں سب سے پیچھے کھڑے ہیں۔ راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’ہماری گارنٹی تلنگانہ میں ہمارے لوگوں کو کم از کم منزل فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ کماری تروپتھما نے مجھے بتایا کہ ان کا کنبہ قرض کے بوجھ تلے جدوجہد کر رہا ہے۔ یہ بہت جلد بدل جائے گا۔‘‘


راہل گاندھی نے تلنگانہ کے لیے طے کردہ کانگریس کی گارنٹی کا تذکرہ بھی کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ’’ہماری لڑائی اب اپنے سبھی لوگوں کے لیے انصاف یقینی کرنے پر مبنی ہے۔ یہ پورے ہندوستان میں عوام مرکوز حکومت کے دور کی شروعات کرنے کا وقت ہے۔‘‘ ویڈیو میں راہل گاندھی متاثرہ کنبہ کے مسائل کو سنتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور ایک مقامی کانگریس لیڈر کو یہ یقینی کرنے کی ہدایت بھی دے رہے ہیں کہ فیملی کی زمین کی مٹی کی ٹیسٹنگ کرائی جائے اور ملکیت مہلوک کسان کی بیوہ کو منتقل کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔