دہلی سمیت کچھ ریاستوں میں آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان
آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی، چنڈی گڑھ، یو پی، راجستھان، پنجاب، ہریانہ، جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفر آباد میں الگ الگ مقامات پر 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں
ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی سمیت کچھ ریاستوں میں آندھی اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ دہلی، چنڈی گڑھ اتر پردیش، راجستھان، پنجاب، ہریانہ، جموں و کشمیر، لداخ، گلگت بلتستان اور مظفر آباد میں الگ الگ مقامات پر 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، بجلی اور گرج کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے۔ انڈمان اور نکوبار جزیرہ میں بھی خراب موسم کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ وہاں الگ الگ مقامات پر 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش، ودربھ، چھتیس گڑھ، بہار، جھارکھنڈ، مغربی بنگال، سکم، اڈیشہ، آسام، میگھالیہ، ساحلی آندھرا پردیش، ینم، تلنگانہ، کیرالہ، ماہے، تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں جمعرات کو الگ الگ مقامات پر گرج کے ساتھ بوچھاریں پڑنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے قومی موسم پیشین گوئی مرکز نے کہا کہ اس کے علاوہ مشرقی مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، نشیبی ہمالیائی مغربی بنگال، اڈیشہ، انڈمان اور نکوبار جزیرہ، آسام اور میگھالیہ میں الگ الگ مقامات پر زوردار بارش کا امکان ہے۔
جنوب مغرب اور مغرب وسط بحر عرب کے اوپر 40 سے 50 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لے کر 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ موسمیات ہیڈکوارٹر نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ آئندہ پانچ دنوں کے دوران ملک میں درجہ حرارت میں کوئی خاص بدلاؤ نہیں ہوگا۔ اگلے چار دنوں تک اڈیشہ میں الگ الگ مقامات پر زوردار بارش اور چھتیس گڑھ، نشیبی ہمالیائی مغربی بنگال، انڈمان اور نکوبار جزیرہ، اروناچل پردیش، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں الگ الگ مقامات پر زوردار بارش کا امکان ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔