موسم کا حال: آج سے اگلے 5 روز تک آندھی-طوفان کا الرٹ، کئی ریاستوں میں بارشیں

آج سے ہندوستان کے کئی حصوں میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے طوفان اور بارش کے حوالے سے کئی ریاستوں میں الرٹ بھی جاری کیا ہے

بارش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
بارش، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں موسم پہلے کی نسبت قدرے خوشگوار ہو گیا ہے۔ 20 مارچ تک بیشتر علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بونداباندی کا امکان ہے۔ راجدھانی دہلی کی بات کریں تو یہاں بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور مطلع ابر آلود رہے گا۔ یہاں 16 مارچ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری تک رہ سکتا ہے۔

مغربی ہمالیائی خطہ بشمول مشرقی ہندوستان، شمال مغربی ہندوستان میں 16 سے 20 مارچ تک ہلکی سے درمیانی بارش، گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری کے امکانات ہیں۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اہم پیداواری ریاستوں میں اگلے 10 دنوں میں وسطی، شمالی اور مغربی علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔


محکمہ موسمیات نے 16 سے 19 مارچ 2023 تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے لیے پیلے اور نارنجی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے علاقوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے اور پنجاب، ہریانہ، دہلی این سی آر اور ہمالیائی خطہ سمیت کئی علاقوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تلنگانہ، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش میں 16 سے 19 مارچ کے درمیان بارش ہونے کا امکان ہے۔ پہاڑی ریاستوں کی بات کریں تو جموں کشمیر، لداخ، گلگت، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ میں بارش کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ 17 سے 19 مارچ تک پنجاب، اتر پردیش اور راجستھان میں بارش، گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔